شہباز گِل پر مبینہ تشدد، اسلام آباد پولیس کی جانب سے اشتہار جاری
جمعرات 18 اگست 2022 23:14
پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر مبینہ تشدد کے حوالے سے کوئی بھی شہادت ریکارڈ کرائی جا سکتی ہے (فوٹو: اسلام آباد پولیس)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گِل پر مبینہ تشدد کے معاملے پر اشتہار جاری کردیا۔
جمعرات کی رات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کی طرف سے شہباز گِل کیس کے حوالے ایک اشتہار جاری کیا گیا ہے۔
اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ہر خاص و عام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ تھانہ کوہسار اسلام آباد میں ملزم محمد شہباز شبیر عرف شہباز گل کے خلاف درج مقدمے سے متعلق اگر کسی شخص کے پاس تشدد سے متعلق کوئی بھی شہادت موجود ہو تو وہ پولیس کو اطلاع دے۔
’اگر کوئی شخص اپنی شہادت اور بیان قلم بند کروانا چاہتا ہے تو وہ آئی جی اسلام آباد پولیس کے دفتر سینٹرل پولیس آفس سیکٹر ایچ الیون پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد پہنچ جائیں۔
اشتہار میں مزید کہا گیا ہے کہ بیان ریکارڈ کروانے کے خواہش مند افراد سنیچر 20 اگست 2022 کو صبح 8 بجے سے دن 12 بجے تک دیے گئے پتے پر اپنا بیان قلم بند کروا سکتے ہیں۔‘