Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز گل کو سانس لینے میں مسئلہ اور جسم میں درد ہے، میڈیکل رپورٹ  

رپورٹ کے مطابق شہباز گل کے جسم کے کچھ حصوں کے ٹشوز متاثر ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جمع کرا دی گئی ہے۔
اردو نیوز کے پاس دستیاب اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ’ڈاکٹر شہباز گل بدھ کی رات کو سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہے تھے جبکہ جسم کے مختلف حصوں میں درد محسوس کر رہے ہیں۔‘  
رپورٹ کے مطابق ’ڈاکٹر شہباز گل بچپن سے ہی دمے کے مرض میں مبتلا ہیں اور ضرورت پڑنے پر دوا استعمال کرتے ہیں۔‘  
چار رکنی میڈیکل بورڈ کی جانب سے بدھ کی رات کو ڈاکٹر شہباز گل کا معائنہ کیا اور ان کے مختلف ٹیسٹ کروائے گئے جن کی روشنی میں شہباز گل کو رات پمز ہسپتال میں ہی رکھا گیا تھا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کو ’سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ جسم کے مختلف حصوں میں درد محسوس کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل بائیں کندھے، کمر، گردن، دائیں کولہہ اور سینے کے بائیں حصے میں درد محسوس کر رہے ہیں۔‘  
میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹر شہباز گل کے بائیں بازو، دائیں کولہہ اور جوڑوں کے ٹشو متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل کو بازو کو ہلانے میں بھی تکلیف ہو رہی ہے جبکہ پیٹ کے حصے کی رپورٹ نارمل آئی ہے۔ 

شہباز گل کو دو روزہ ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا تھا۔ فوٹو: سکرین گریب

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گھبراہٹ کے باعث ڈاکٹر شہباز گل کی دل کی دھڑکن کی رفتار اور سانس کی رفتار تیز ہے جبکہ سانس لیتے وقت ان کی چھاتی سے گھڑگھڑاہٹ کی آواز سنائی دیتی ہے۔  
خیال رہے کہ بدھ کو ڈاکٹر شہباز گل کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ 
میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹر شہباز گل کے مزید ٹیسٹ کرنے کی بھی سفارش کی ہے جس میں شہبازگل کا ایکس رے، خون اور دل کا ٹیسٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 
میڈیکل بورڈ نے متفقہ طور پر سفارش کی کہ شہبازگل کو کارڈیالوجسٹ اور پلمانولوجسٹ کی جانب سے طبی معائنہ درکار ہے اور ان کی حالت کو مسلسل مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کو مزید طبی معائنے کی بھی ضروت پڑ سکتی ہے۔ 

شیئر: