مکہ کے الکدوۃ محلے میں 46 سعودی خاندان، 30 ہزار سے زیادہ غیرملکی
الکدوۃ کا علاقہ مسجد الحرام سے 500 میٹر کے فاصلے پرہے(فوٹو مکہ اخبار)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ریجن میں غیر منظم محلوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے منصوبے کے ترجمان امجد مغربی نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ میں’الکدوۃ‘ محلے میں 2800 عمارتیں ہیں‘۔
الکدوۃ کا علاقہ مسجد الحرام سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ 6 لاکھ 80 ہزارمربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہیں۔
ایم بی سی چینل کے معروف پروگرام ’ایم بی سی ایک ہفتے میں‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے امجد مغربی نے کہا کہ’ الکدوۃ محلے میں صرف 46 سعودی خاندان رہائش پذیر ہیں۔ یہاں 30 ہزار سے زیادہ خاندان غیرملکیوں کے ہیں‘۔
امجد مغربی نے کہا کہ’ مکہ مکرمہ رائل کمیشن شہر میں غیر منظم محلوں کے انہدام اور انہیں جدید خطوط پرتعمیر کرانے کے پروجیکٹ کی نگرانی کررہا ہے۔ الکدوۃ میں انہدام کی کارروائی شروع کردی گئی ہے‘۔
ایم بی سی نے الکدوۃ محلے سے متعلق رپورٹ میں بتایا کہ ’غیر منظم طریقے سے تعمیر کی جانے والی دو ہزار عمارتیں منہدم کی جائیں گی۔ نئی منصوبہ بندی کے تحت یہاں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پرائیویٹ سیکٹر اورسرمایہ کاروں کو نئی منصوبہ بندی اور اس پرعمل درآمد سے فائدہ ہوگا‘۔
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے بتایا تھا کہ النکاسہ، الکدوہ اور الزھور محلے منہدم کرکے جدید خطوط پر استوار کیے جائیں گے۔