بینک اکاونٹس سے رقوم چرانے والے گروہ کے گیارہ ارکان گرفتار
گروہ کے افراد ایک گھر کو ٹھکانے کے طور پر استعمال کررہے تھے(فائل فوٹو العربیہ)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو دھوکہ دے کر ان کے بینک اکاونٹس سے رقوم چرانے والے گروہ کے گیارہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ’ ادارے کے فنانشل فراڈ یونٹ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو منظم انداز سے دھوکہ دینے والے گروہ میں شامل گیارہ افراد سے پوچھ گچھ کی ہے‘۔
بیان کے مطابق’ گروہ کے افراد ایک گھر کو ٹھکانے کے طور پر استعمال کررہے تھے‘۔
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ ’ملزمان خود کو بینک اہلکار ظاہر کرکے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ایس ایم ایس بھیج کر ان سے بینک اکاؤنٹ بحال کرانے کے لیے کہتے تھے‘۔
’ملزمان یہ تاثر دیتے تھے کہ بینک اکاؤنٹ بند کردیا گیا ہے اور اے ٹی ایم کارڈ غیرموثر ہوگیا ہے۔ نجی کوائف اور خفیہ نمبر بتانے پر آن لائن کارروائی کرکے اکاؤنٹ اور اے ٹی ایم کارڈ بحال کیا جائے گا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’گروہ کے افراد ضروری معلومات حاصل کرکے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرلیتے تھے اور ان کے اکاونٹس سے رقمیں نکال لیتے تھے‘۔
پبلک پراسیکیوشن کےعہدیدار نے مزید کہا کہ’ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اس حوالے سے خبردار رہیں۔ سعودی عرب کا کوئی بھی بینک اپنے کسی اکاونٹ ہولڈر سے نجی معلومات کے لیے رابطہ نہیں کرتا‘۔