Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقتدار کا نشہ ایک شخص کو پاگل کر رہا ہے: آصف زرداری

سابق صدر نے نام لیے بغیر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو: ٹوئٹر، پی ٹی آئی میڈیا)
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’ملک میں بارشوں کی وجہ سے ہنگامی صورت حال ہے اور متاثرین کی نظریں ہم پر ہیں جبکہ دوسری جانب ایک شخص کو اقتدار کا نشہ دن بہ دن پاگل کر رہا ہے۔‘
منگل کو کراچی میں صوبائی وزرا سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں زور دیا گیا ہے کہ اس وقت سب کو سیاست چھوڑ کر متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔
آصف زرداری نے نام لیے بغیر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کرتا ہے اور اسی فوج کے افسر اور سپاہی دو صوبوں میں دہشت گردوں سے جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’فوج، پولیس اور اس کے بعد عدلیہ کی ایک خاتون میجسٹریٹ کو یہ شخص دھمکیاں دیتا ہے اور ساتھ کہتا ہے کہ مجھے گرفتار کر کے دکھاؤ۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عدلیہ کو دیکھنا ہو گا کہ کیا یہ شخص قانون سے بالاتر ہے اور کیا یہ شخص میرے، میاں نواز شریف، میری بہن اور مریم بیٹی کے خلاف ماورائے قانون انتقامی کارروائیاں کر سکتا ہے اور خود ہر قانون کو روند سکتا ہے۔‘
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنی رٹ قائم کرنا پڑے گی ورنہ قانون، آئین اور ادارے اسی طرح اس شخص کی ہوس کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔

شیئر: