امارات میں نئے تعلیمی سال پر طلبہ کے لیے ہدایات کیا ہیں؟
تعلیمی اداروں میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے (فوٹو البیان)
متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال 2023-2022 کے حوالے سے کورونا وبا سے متعلق نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق وزارت تعلیم کے ترجمان ھزاع المنصوری نے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں نیا پروٹوکول نافذ ہوگا۔
بارہ برس اوراس سے زیادہ عمر کے طلبہ نیز تعلیمی و انتظامی عملے کو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ تعلیمی سال کے پہلے دن سے 96 گھنٹے کے اندر اس کا نمونہ لیا گیا ہو۔ اس کے بعد طلبہ سے پی سی آر ٹیسٹ طلب کیا جائے گا اور نہ انتظامی و تعلیمی عملے کو اس کا پابند بنایا جائے گا۔
امارات کی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں میں طلبہ پر ماسک کی پابندی برقرار رکھی ہے جبکہ سکولوں اور بسوں میں سماجی فاصلے کی پابندی منسوخ کی ہے۔ طلبہ اور عملے کا ٹمپریچر بھی چیک نہیں کیا جائے گا۔
وزارت نے یہ پابندی برقرار رکھی ہے کہ جو طالب علم یا عملے کا فرد ٹمپریچر بڑھا ہوا محسوس کرے وہ تعلیمی ادارے کا رخ نہ کرے۔ اس کے لیے بیماری کی چھٹی لینا ہوگی۔
وزارت تعلیم نے کورونا وائرس کے شکارطلبہ اورعملے کو آن لائن تعلیم اور ڈیوٹی کی سہولت برقرار رکھی ہے۔ ایسے طلبہ اور ملازمین کو بھی یہ سہولت مہیا ہوگی جو تنفس کے عارضے میں مبتلا ہوں۔ میڈیکل ٹیسٹ تک یہ سہولت رہے گی۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ صرف اس صورت میں لیا جائے گا جبکہ اس کی علامتیں نظر آرہی ہوں۔ امارات نے تمام طلبہ کو سکولوں میں حاضر ہونے کی اجازت دی ہے۔ یہ اجازت ان طلبہ کو بھی ہوگی جو صحت اسباب یا ویکسین سے استثنی کے باعث ویکسین نہ لیے ہوئے ہوں۔
المنصوری نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے نیا تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے۔ 10 لاکھ سے زیادہ طلبہ اور 65 ہزار افراد پر مشتمل تعلیمی عملہ نئے تعلیمی سال کا حصہ ہوں گے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں