Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کا وراٹ کوہلی سے موازنہ کرنا قبل از وقت ہے: وسیم اکرم

وراٹ کوہلی نے آخری سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کلکتہ ٹیسٹ میں بنائی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ ٹیکنیک بہت اچھی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ان کا انڈین بیٹر وراٹ کوہلی سے موازنہ قبل از وقت ہوگا۔
سٹار سپورٹس کے ایک پروگرام میں انڈین ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا بابر اعظم اور وراٹ کوہلی کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’بابر وراٹ کوہلی بننے کے لیے صحیح ٹریک پر ہیں لیکن ابھی ان کا وراٹ کوہلی سے موازنہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔‘
وسیم اکرم نے پاکستانی کپتان کے بارے میں مزید کہا کہ ’بابر کی کارکردگی میں تسلسل ہے کیونکہ ان کی ٹیکنیک درست ہے۔ وہ رنز کے بھوکے ہیں اور بلکل فٹ بھی ہیں۔‘
خیال رہے پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیمیں ایشیا کپ میں 28 اگست کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ پچھلے سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران ہوا تھا۔
انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کو حالیہ وقت میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’پرستار اور میڈیا وراٹ کوہلی پر سوشل میڈیا پر غیرمناسب تنقید کر رہے ہیں۔‘
کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے ’سلطان آف سوئنگ‘ نے مزید کہا کہ ’وہ (کوہلی) اس دور کے نہیں بلکہ ہر دور کے بڑے کھلاڑی ہیں۔ وہ بلکل فٹ ہیں اور انڈین سکواڈ میں اب بہترین فیلڈرز میں سے ایک ہیں۔‘
انہوں نے مذاقاً کہا کہ ’امید ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف فارم میں نہیں آئیں گے لیکن پھر وہ فارم میں آ ہی جائیں گے۔‘
وراٹ کوہلی اپنے کیریئر کے سب سے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔
انہیں سینچری بنائے ایک ہزار سے زیادہ دن ہو چکے ہیں جس کے باعث ان سے ایشیا کپ کے لیے بہت امیدیں لگائی جا رہی ہیں۔
وراٹ کوہلی نے آخری سینچری 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کلکتہ ٹیسٹ میں بنائی تھی۔

شیئر: