Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صومالیہ میں قحط اور خشک سالی سے متاثرین کے لیے سعودی امداد

صومالیہ میں امدادی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات نے قحط اور خشک سالی  کے مسائل پر قابو پانے کے لیے برادر ملک صومالیہ میں امدادی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 52 ہزار سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کی جائیں گی۔ پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ متاثرہ مقامات سے نقل مکانی کرنے والے صومالیہ کے شہریوں کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ 

 پہلے مرحلے میں 78 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کی جا چکی ہیں( فوٹو ایس پی اے)

ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی امدادی تنظیموں کے تعاون سے متعدد فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے سول سوسائٹی کے اداروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ 
انہوں نے کہا کہ انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں کھجوریں تقسیم ہوں گی۔ دوسرے مرحلے کے امدادی منصوبوں کے لیے 47 ملین ایک لاکھ 28 ہزار 626  ریال کا سامان تیار کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ  کے تعاون سے فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کیے جا رہے ہیں(فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز کے سربراہ نے بتایا کہ امدادی مہم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس کے تحت 78 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کی جا چکی ہیں۔ ان کا مجموعی وزن 5200 ٹن تھا۔ پینے کا پانی بھی فراہم کیا گیا جبکہ خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں میں قربانی کا گوشت بھی تقسیم کیا گیا۔ اس پر22 ملین 9 لاکھ 26 ہزار ریال خرچ کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ سعودی حکومت اورعوام صومالیہ میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مسائل  حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ 

شیئر: