Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا بمقابلہ پاکستان ’میچ ہے لڑائی نہیں، لطف اٹھائیں‘

گراؤنڈ میں میچ شروع ہونے سے قبل ایک ’میچ‘ ٹوئٹر پر دونوں ممالک کے شائقین کے درمیان بھی جاری ہے (فوٹو:
روایتی حریف انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں آج ایشیا کپ کے میچ میں آمنے سامنے آنے والی ہیں۔
کھیل شروع ہونے میں ابھی وقت ہے تاہم شوشل میڈیا پر ’میچ‘ شروع ہو چکا ہے اور دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ اپنی ٹیموں کے حق میں ٹویٹس کر رہے ہیں، جب کہ اس کے لیے ہلکی پھلکے جملوں اور میمز کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے جن میں مخالف ٹیمز کا حوالہ دلچسپ انداز میں دیا جاتا ہے۔
دونوں اطراف کے شائقین بضد ہیں کہ میچ ان کی ٹیم ہی جیتے گی، اس کا فیصلہ بھی یقیناً میچ کے اختتام پر ہو ہی جائے گا تاہم سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر جاری میچ ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچا ہے اور اس وقت صورت حال کچھ ویسی ہے جیسے بولر گیند پھینکنے کے لیے سٹارٹ لے رہا ہو اور بلے باز بولر کے ہاتھ پر نگاہیں جمائے بیٹ کو کریز کی لائن پر ٹکا رہا ہو۔
انڈیا کی بڑی سیاسی جماعت کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے بات کر رہی ہیں۔
پریانکا گاندھی کہتی ہیں کہ ’میری انڈیا اور پاکستان کے اس میچ کی یادیں ابھی تک تازہ ہیں جب میں کئی سال قبل میچ دیکھنے کے لیے کراچی گئی تھی، اور اس لمحے کو تو میں کبھی نہیں بھول سکتی جب انڈیا نے میچ جیت لیا تھا۔‘

آگے وہ مزید کہتی ہیں کہ ’اس وقت ہم جتنے بھی سیاست دان تھے، چاہے وہ بی جے پی سے تھے، کانگریس سے یا پھر کسی اور پارٹی سے، میچ جیتنے پر سب ہی خوشی سے کودنے لگے تھے۔‘

انہوں نے انڈین ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’جی جان سے کھیلے اور جیت کے آئیے۔‘
اسی طرح پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بلے باز سعید انور نے اپنی ٹویٹ میں پیش گوئی بھی کر ڈالی۔

انہوں نے لکھا کہ ’آج ایک زبردست میچ کی تمنا رکھتا ہوں، میری پیش گوئی ہے کہ پاکستان جیتے گا۔‘
ڈاکٹر راوی نامی صارف دونوں اطراف کے شائقین کے جذبات کو دیکھتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ ’جو اچھا کھیلے گا، وہی جیتے گا۔ یہ ایک کھیل ہے، دو ملکوں کے درمیان لڑائی نہیں، کھیل کا لطف اٹھائیں۔‘

شیئر: