سعودی عرب کی 15 ممالک کے ساتھ ایئر وارفیئر سینٹر میں فضائی مشقیں
سعودی عرب کی 15 ممالک کے ساتھ ایئر وارفیئر سینٹر میں فضائی مشقیں
منگل 4 فروری 2025 16:25
10 روزہ مشقوں میں مشترکہ حکمت عملی پر مبنی آپریشنز شامل ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے ایئر وارفیئر سینٹر میں ’سپیرز آف وکٹری 2025‘ کے نام سے 10 روزہ فضائی مشقیں جاری ہیں جن میں پاکستان سمیت 15 ممالک کی فضائیہ حصہ لے رہی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق مملکت کے نمایاں فضائی یونٹس ان مشقوں میں شریک ہیں، جن میں ایوان صدر برائے مملکتی سلامتی اور سعودی عرب کا نیشنل گارڈ یونٹ شامل ہے۔
ان فضائی مشقوں کا رواں ہفتے مشرقی ریجن کے شہر دہران میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس کے ملٹری فضائی مرکز میں آغاز ہوا ہے۔
فوجی مشقوں کے کمانڈر میجر جنرل پائلٹ محمد بن علی العمری نے بتایا ہے’ ان مشقوں میں فضائی، تکنیکی اور معاون عملے کی تیاری اور جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف لیکچرز اور فضائی مشقیں شامل ہیں۔
محمد العمری نے مزید بتایا ’سپیرز آف وکٹری 2025‘ پروگرام کے تحت ہونے والی فضائی مشقوں میں شریک افواج کو منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی مہارت مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
10 روز تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں فوجی پروازوں اور مشترکہ حکمت عملی پر مبنی آپریشنز شامل ہوں گے۔
سپیرز آف وکٹری 2025 میں شامل دیگر ممالک کی افواج کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے کچھ مشقیں ان ممالک سے مل کر کی جائیں گی۔
فوجی مشقوں کے کمانڈر نے بتایا ہے ’ مشترکہ مشقوں میں پاکستان سمیت بحرین، یونان، فرانس، قطر، برطانیہ، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کی فورسز حصہ لے رہی ہیں جبکہ آسٹریلیا، مصر، اٹلی، اردن، مراکش، کوریا اور سپین بطور مبصر شریک ہیں‘۔