سعودی قیادت کا پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر تعزیتی پیغام
پاکستان میں سیلاب اور بارشوں میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر پاکستان عارف علوی کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں انہوں نے سیلاب سے ہونے والے جانے نقصان پر تعزیت کی ہے۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ شاہ سلمان نے اپنے مراسلے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
شاہ سلمان نے لکھا کہ ’مصیبت کی اس گھڑی میں وہ پاکستانی عوام کے درد میں شریک ہیں اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر پاکستان ڈاکٹر کو سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال پر ایک علیحدہ تعزیتی مراسلہ بھیجا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق رواں برس سیلاب اور موسلادھار بارشوں کے دوران 1061 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 359 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ سندھ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 23 اضلاع آفت زدہ ہیں جبکہ ایک کروڑ 45 لاکھ سے زیادہ افراد متاثرین میں شامل ہیں۔