سعودی وزارت ثقافت کے زیراہتمام کورین میلہ
کورین میلہ 30 ستمبر کو ریاض سٹی بولیوارڈ میں منعقد ہوگا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ 30 ستمبر سے لے کر یکم اکتوبر 2022 تک ریاض سٹی بولیوارڈ میں (کے کون) کورین میلہ منعقد ہوگا۔ مملکت کی تاریخ میں پہلی بار کوریا کے میلے کی میزبانی کی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں دو روزہ میلے کے دوران کوریا کے منتخب فن کار رنگا رنگ کوریائی ثقافتی پروگرام پیش کریں گے۔
میلے کے ساتھ ایک نمائش بھی ہوگی جس میں کوریا کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر کورین مصنوعات فرو خت کرنے والے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔
سعودی وزارت ثقافت نے کوریا کی سی جی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مملکت میں کورین میلے کی میزبانی کی جائے گی۔
سعودی عرب اپنے ہاں دنیا بھر کے اہم میلے منعقد کرنے اور بین الاقوامی ثقافتی تبادلہ جات کی پالیسی پر گامزن ہے۔ مذکورہ کورین میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔