درختوں پر ٹیکس لگانے کی باتیں درست نہیں: وزارت زراعت
کھجورکے درخت پر6 اورزیتون پر5 ریال ٹیکس کی افواہیں گردش کررہی تھیں(فوٹو،ٹوئٹر)
وزارت ماحولیات، پانی وزراعت میں ویٹرنری ہیلتھ کے ڈائریکٹرڈاکٹرعلی الدوبرج کا کہنا ہے کہ درختوں پرکسی قسم کا ٹیکس لگانے کا ارادہ نہیں رکھتی، لوگ افواہوں پرتوجہ نہ دیں۔
عاجل نیوز کے مطابق ڈاکٹرعلی الدوبرج نے ’روتانا خلیجیہ ‘ ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پردرختوں پرٹیکس لگانے کے حوالے سے جوباتیں کی جارہی ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔
ڈاکٹرالدوبرج نے مزید کہا کہ افواہوں سے بچنے اوردرست معلومات حاصل کرنے کےلیے وزارت کے ٹوئٹراکاونٹ سے رجوع کرسکتے ہیں جہاں مصدقہ اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں جووزارت کی جانب سے جاری ہوتی ہیں۔
واضح رہے سوشل میڈیا پرکہا جارہا تھا کہ پھل دار درختوں پرٹیکس لگایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پرمزید کہا گیا کہ کھجورکے درخت پر6 ریال جبکہ زیتون کے درخت پر5 ریال ٹیکس عائد کیاجائےگا۔
وزارت زراعت و ماحولیات وپانی نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔