شاہ سلمان مرکز کی یمن، تنزانیہ اور انڈونیشیا میں امدادی سرگرمیاں
یمن کے مارب گورنریٹ میں 96 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن، انڈونیشیا اور تنزانیہ میں طبی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے مارب گورنریٹ میں 96 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جن سے اس سال تنازعات سے متاثرہ ملک کے لیے مرکز کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے حصے کے طور پر پانچ ہزار 400 افراد مستفید ہو سکتے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا مقصد یمن کے 15 گورنریٹس میں ضرورت مند اور متاثرہ خاندانوں میں 20 ہزار ٹن سے زیادہ وزنی ایک لاکھ 92 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے انڈونیشیا میں 300 سے زیادہ کم آمدنی والے افراد کے لیے دوسرا اور تیسرا رضاکارانہ پروگرام شروع کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ان افراد کو سلائی اور کڑھائی، موبائل فون مینٹینس، ابتدائی طبی امداد کے ساتھ ریسکیو، ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے تنزانیہ میں کارڈیک اورکیتھیٹرائزیشن سرجریز کی ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی طبی رضاکارانہ ٹیم نے 173 مریضوں کا معائنہ کیا، 21 اوپن ہارٹ سرجریز اور 30 کیتھیٹرائزیشن سرجریز کامیابی سے انجام دیں۔
زیادہ تر مریض کم آمدنی والے خاندانوں سے آئے تھے جو مہنگے طبی طریقہ کار کے متحمل نہیں تھے۔
یہ انیشیٹو ایک رضاکارانہ طبی پروگرام کا حصہ ہے جو مرکز کے ذریعے دنیا بھر کے ممالک میں کم آمدنی والے افراد اور خاندانوں کی مدد کے لیے چلایا جا رہا ہے۔