Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب زدگان کے لیے امداد لے کر پہلا سعودی طیارہ کراچی پہنچ گیا

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے امداد لے کر پہلا طیارہ کراچی پہنچ گیا.
منگل کی شب پہلی پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچی جہاں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، سعودی قونصل جنرل بندر بن فہد الدایر، صوبائی وزیر سعید غنی اور این ڈی ایم اے کے ذمہ داران سمیت دیگر پاکستانی حکام موجود تھے۔
طیارے پر 90 ٹن غذائی اشیا، دوائیں اور خیمے موجود ہیں۔ اس سے 9500 سے زیادہ سیلاب متاثرین کو فائدہ ہوگا۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد کے لیے فضائی پل قائم کیا ہے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس موقع پر اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’انسانیت نواز امداد سیلاب زدہ پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے بھیجی گئی ہے۔ پاکستان کے متعدد شہر اور علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔ یہ امداد دونوں ملکوں کے برادرانہ مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔‘
سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ’ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلق ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت میں کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔‘
’پاکستان میں آنے والا زلزلہ ہو یا 2010 کے سیلاب کی تباہ کاریاں، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہا ہے۔ اس سیلابی صورت حال میں بھی ہر ممکن تعاون کیا جارہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پہلے مرحلے میں آج سامان پاکستان پہنچا ہے, ہم چار حصوں میں اس آپریشن کو تشکیل دے رہے ہیں, پہلے مرحلے میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہنگامی امداد فراہم کی جارہی ہے۔‘

نواف بن سعید المالکی کے مطابق ’سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے‘ (فوٹو: ایس پی اے)

’دوسرے مرحلے میں ایئر برج کا قیام، تیسرے مرحلے میں قومی مہم اور چوتھے مرحلے میں نقصانات کا تخمینہ لگا کر کنگ سلمان سینٹر اور سعودی ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے تحت امداد کی فراہمی شامل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کی امداد میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی امداد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘
صوبائی وزیر سعید غنی نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے پھر ثابت کیا ہے کہ وہ ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہے۔‘
سعید غنی نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب نے نہ صرف سیلاب متاثرین کو امداد  فراہم کرنے بلکہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے بھی کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جو خوش آئند ہے۔‘

سعودی سفیر کے مطابق ’آئندہ چند روز میں امدادی سامان لے کر مزید طیارے پاکستان پہنچیں گے‘ (فوٹو: ایس پی اے)

’سیلاب کی تباہ کاریاں اس حد تک ہیں کہ اکیلے حکومت کے بس میں نہیں کہ ریسکیو کیا جاسکے۔ اس مشکل وقت میں دوست ممالک سمیت عالمی برادری کو پاکستان کی مدد کرنا ہوگی۔‘
اس سے قبل کراچی ایئرپورٹ پرغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے بتایا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے منگل کو دو طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچنا تھے جن میں سے ایک طیارہ پہنچ گیا ہے۔‘
’پہلے مرحلے میں آنے والے سامان سے تقریباً 19 ہزار سے زیادہ سیلاب زدگان کو فائدہ پہنچے گا جبکہ آئندہ چند روز میں امدادی سامان لے کر مزید طیارے پاکستان پہنچیں گے۔‘

شیئر: