کراچی...پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے عمر اکمل کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم چھوڑ جانے کی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ میری طبیعت خراب ہے۔اسی وجہ سے سندھ کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لیا۔ ڈاکٹر کے مشورے پر ہوٹل کے کمرے میں آرام کررہا ہوں۔ویڈیو بیان میں میں انہوں نے کہا کہ مجھے فوڈ پوائزنگ ہوئی ہے۔ ٹیم ڈاکٹر اسد اور مینجمنٹ میری طبیعت کی خرابی سے آگاہ ہیں۔ فوڈ پوائزن کے بعد صبح سے بخار میں مبتلا ہوں۔ عمر اکمل بھی میری طبیعت خراب ہونے سے آگاہ تھے ۔ ان کے بیان پر مجھے افسوس ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کپ میں جنید خان پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں۔انہوں نے سندھ کےخلاف میچ میں حصہ نہیں لیا۔ اس سے قبل پنجاب کی ٹیم کے کپتان عمر اکمل نے کہا تھا کہ جنید خان ٹیم میٹنگ میں موجود تھے۔ اب ان کاکچھ پتہ نہیں۔ اچانک گمشدگی سے ٹیم انتظامیہ اور میں سخت پریشان ہوں۔پنجاب کو سندھ کے خلاف اہم میچ کھیلنا ہے۔