Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین جنگ جتنی جلدی ممکن ہوسکے ختم کرنا چاہتے ہیں: صدر پوتن

انڈیا نے ابھی تک روس کے یوکرین پر حملے کی کھل کر مذمت نہیں کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے ختم کرنا چاہتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر پوتن نے ازبکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو بتایا کہ انہیں اندازہ ہے کہ انڈیا کو یوکرین جنگ کے حوالے سے خدشات ہیں اور وہ جنگ جتنی جلدی ممکن ہو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
’مجھے یوکرین پر آپ کی پوزیشن اور خدشات کا علم ہے۔ ہم اس جنگ کو جتنی جلدی ہو سکے ختم کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کریں گے۔‘
ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ’بدقسمتی سے دوسرے فریق یعنی یوکرین کی قیادت نے مذاکراتی عمل کو مسترد کیا اور اعلان کیا کہ وہ اپنے مقاصد فوجی ذرائع سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
اے ایف پی کے مطابق وزیراعظم مودی نے صدر پوتن کو بتایا کہ یہ وقت جنگ کا نہیں۔
روس اور دہلی کے درمیان سرد جنگ کے زمانے سے بڑے دیرینہ اور قریبی تعلقات ہیں اور روس انڈیا کو اسلحہ فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔
 لیکن روس کے یوکرین پر رواں سال فروری میں حملے کے بعد پہلی بالمشافہ ملاقات میں وزیراعظم مودی نے صدر پوتن کو بتایا ’ایکسیلینسی، میں جانتا ہوں کہ یہ وقت جنگ کا نہیں ہے۔‘
انڈیا نے ابھی تک روس کے یوکرین پر حملے کی کھل کر مذمت نہیں کی ہے۔
لیکن نریندر مودی نے ایس سی او  کے سرہراہی اجلاس کے موقع پر صدر پوتن کے ساتھ ملاقات میں جمہوریت، سفارتکاری اور مذکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
دور درشن ٹی وی کے مطابق مودی نے ملاقات سے قبل کہا کہ ’ ہم ملاقات میں اس پر گفتگو کریں گے کہ امن کے راستے پر کس طرح آگے بڑھیں۔‘
انڈین وزیراعظم کی جانب سے یہ بات ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس نے ایک دن پہلے تسلیم کیا تھا کہ ان کے اہم اتحادی چین کو بھی یوکرین جنگ پر خدشات ہیں۔
 

شیئر: