سعودی عرب میں 184 کلو گرام منشیات سمگل کرنے کی 5 کوششیں ناکام
گاڑی کے فیول ٹینک میں چھپا کر منشیات سمگل کی جارہی تھی( فوٹو ٹوئٹر کسٹم اتھارٹی)
سعودی عرب میں زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی نے 184 کلو گرام سے زیادہ نشہ آور پاؤڈر (الشبو) سمگل کرنے کی پانچ سے زیادہ کوششیں ناکام بنائی ہیں۔
ایئر پورٹ اور بری چیک پوسٹوں سے سامان اور گاڑی کے فیول ٹینک میں چھپا کر منشیات سمگل کی جارہی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی نے جمعے کو بیان میں کہا کہ’ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پر کسٹم افسران نے 6 کلو گرام سے زیادہ نشہ آور پاؤڈر (الشبو) سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی۔ ایک مسافر نے بیگ میں منشیات چھپا رکھی تھی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ البطحا بری سرحدی چیک پوسٹ پر 10 کلو گرام سے زیادہ نشہ آور پاؤڈر سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایک ٹرک میں پاؤڈر ٹشو پیپر کے ڈبے سے منشیات برآمد ہوئی‘۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو5 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر برآمد ہوا جو وہ اپنے سامان میں چھپا کر لایا تھا۔
زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی نے کہا کہ ’الربع الخالی چیک پوسٹ پر 114 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر ایک گاڑی کے ریزرو فیول ٹینک میں چھپا کر لایا جا رہا تھا۔ جبکہ 33 کلو گرام سے زیادہ نشہ آور پاؤڈر ایک اورگاڑی کے فیول ٹینک سے برآمد کیا گیا‘۔
اتھارٹی نے بتایا کہ’ نشہ آور پاؤڈر کی ضبطی کے بعد محکمہ انسداد منشیات کے تعاون سے نشہ آور پاؤڈر وصول کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا‘۔
اتھارٹی نے متنبہ کیا کہ’ سعودی درآمدات و برآمدات کے نظام پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ سمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے اہلکار چوبیس گھنٹے مستعد ہیں‘۔