مزید 531 نئی فیکٹریوں کے لیے لائسنس جاری
صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 1.36 ٹریلین ریال تک پہنچ گیا(فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزارت صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ’ جولائی 2022 تک سعودی عرب کے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 1.36 ٹریلین ریال تک پہنچ گیا۔ فیکٹریوں کی تعداد 10685 ہوگئی ہے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق وزارت صنعت و معدنیات نے بتایا کہ’ معدنیات کے موثر لائسنسوں کی تعداد 2099 تک پہنچ گئی ہے‘۔
وزارت صنعت کا کہنا ہے کہ ’2022 کے آغاز سے جولائی کے آخر تک نئی فیکٹریوں کے لیے531 لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا مجموعی سرمایہ 14 ارب ریال ہے‘۔
وزارت صنعت کے مطابق’ اس عرصے کے دوران 743 فیکٹریوں نے پیداوار شروع کی ہے۔ ان کی مجموعی سرمایہ کاری 20 ارب ریال کے لگ بھگ ہے۔ صنعت کے شعبے نے اس دوران 26 ہزار اسامیاں فراہم کی ہیں‘۔