اسلام آباد میں کسانوں کا دھرنا، مطالبات نہ پورے ہونے پر ڈی چوک جانے کی دھمکی
جمعرات 29 ستمبر 2022 9:23
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
کسان اتحاد نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسان اتحاد کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام متاثر ہو گیا ہے۔
اسلام آباد کے جناح ایونیو پر کسان اتحاد نے بدھ کی رات مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد کے کاروباری مرکز بلیو ایریا جانے والے راستے بند ہونے کے باعث اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو جانے والے راستے کو بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا ہے۔
دھرنے کے باعث سرینگر ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
خیال رہے کہ کسان اتحاد نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں دھرنے کا اعلان کیا تھا تاہم وزیراعظم سے ملاقات کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کر دیا گیا تھا۔
بدھ کو وزیراعظم سے ملاقات نہ ہونے اور مطالبات کی منظوری نہ ہونے کے سبب پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے کسان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہو گئے تھے۔
کسانوں کا مطالبہ ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی کی جائے، سیلاب زدہ علاقوں میں کھاد اور بیج مفت فراہم کی جائے اور بجلی کے بلوں میں ریلیف دی جائے۔
کسان اتحاد نے حکومت سے دودھ کی قیمتیں بھی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ گندم کی قیمت 4 ہزار، گنے کی 400 روپے فی من مقرر کرنے اور زراعت کوصنعت کا درجہ دینے کا کہا ہے۔
صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر ڈی چوک کی طرف جانے کی دھمکی دے رکھی ہے۔
مظاہرین کو روکنے کے لیے ڈی چوک جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔