پاکستان کی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی نے رواں سال ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک افرادی قوت بھجوانے کا ہدف تین ماہ قبل ہی حاصل کر لیا۔ رواں سال کے پہلے نو ماہ میں پانچ لاکھ 30 ہزار 749 پاکستانی بیرون ملک گئے۔
سعودی عرب ایک بار پھر تین لاکھ 21 ہزار پاکستانی محنت کشوں کا میزبان ملک بن کر پاکستانیوں کی پہلی منزل قرار پایا ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب بیورو آف امیگریشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دو لاکھ 88 ہزار نے بیرون ملک روزگار حاصل کیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
’بیرون ملک ملازمت کے لیے سب کچھ لٹا چکا ہوں‘Node ID: 494051
-
’اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات ڈیلیوری یونٹ دیکھے گا‘Node ID: 503686
-
سعودی عرب میں پاکستانی ملازمین کی مانگ،’ بھرتیوں کا عمل شروع‘Node ID: 520441
رواں سال کے لیے ہدف پانچ لاکھ مقرر کیا گیا تھا جسے تین ماہ قبل ہی حاصل کر لیا گیا اور اب کوشش کی جا رہی ہے کہ سال کے آخر تک اس تعداد کو ساڑھے چھ لاکھ تک پہنچایا جائے۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ پاکستانی ورکرز نے سعودی عرب میں ملازمتیں حاصل کیں، جن کی تعداد تین لاکھ 21 ہزار سے زائد ہے جبکہ متحدہ عرب امارات 88 ہزار، عمان 56 ہزار، قطر 36 ہزار جبکہ بحرین نے 10 ہزار سے زائد پاکستانی ورکرز کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے۔‘
سال 2019 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد نہ صرف تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے بلکہ سال کے آخر تک اگر یہ تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرتی ہے تو بھی تین سال بعد یہ حد عبور ہو سکے گی۔
