Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سیلاب، اقوام متحدہ میں اظہارِ یکجہتی کی قرارداد منظور

جنرل اسمبلی کے صدر نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور یاد دلایا کہ پاکستان میں ’موسمیاتی تباہی‘ کا خطرہ اب بھی برقرار ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
پاکستان کی وزراتِ خارجہ کے بیان کے مطابق جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی جس کا عنوان تھا ’پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی اور حالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں ہنگامی امداد، بحالی اور تعمیر نو۔‘
بیان کے مطابق یہ قرارداد پاکستان کی طرف سے تجویز کی گئی تھی جس کی تائید 151 ممالک کی طرف سے کی گئی۔
قرارداد پیش کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ ’پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں سے ایک ہے حالانکہ ہمارا کاربن کا اخراج عالمی اخراج کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔‘
انہوں نے زبردست جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’پوری پاکستانی قوم اور حکومت نے اس بے مثال آفت کا بہادری سے مقابلہ کیا۔‘
انہوں نے پاکستان کی جانب سے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مدد فراہم کی۔
منیر اکرم نے ماحولیاتی انصاف کی بنیاد پر پاکستان کی مسلسل حمایت کی درخواست کی۔
جنرل اسمبلی کے صدر نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور یاد دلایا کہ پاکستان میں ’موسمیاتی تباہی‘ کا خطرہ اب بھی برقرار ہے۔ انہوں نے اسے ’بڑا المیہ‘ قرار دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسمبلی سے خطاب میں اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا ذکر کیا اور پاکستانی عوام کی تباہی اور ان کے حوصلے کی منظرکشی کی۔

رکن ممالک نے قرارداد کی حمایت میں اپنے بیانات میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا(فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’بڑے پیمانے پر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زیادہ تعاون درکار ہے۔‘
’موسمیاتی ناانصافی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی ’بہت زیادہ قیمت‘ ادا کر رہا ہے۔
رکن ممالک نے قرارداد کی حمایت میں اپنے بیانات میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں ان کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل اسمبلی کی طرف سے منظور کردہ قرارداد میں امداد اور بحالی کی کوششوں میں عالمی برادری کی مدد اور شراکت کا خیرمقدم کیا گیا۔

شیئر: