Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئے باسط علی‘، پاکستان جونیئر لیگ میں پہلی سینچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے

باسط علی کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے۔ (فوٹو: پی جے ایل)
بیٹر باسط علی پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) میں سینچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں اور پاکستانی سوشل میڈیا ان کی بیٹنگ کی تعریفوں سے بھرا پڑا ہے۔
ہفتے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بہاولپور رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے باسط علی نے 58 گیندوں پر 102 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے اور ان ہی کے جارحانہ اننگز کے طفیل ان کی ٹیم گجرانوالہ جائنٹس کی طرف سے دیا گیا پہاڑ جیسا 181 رنز کا ہدف عبور کرنے میں کامیاب رہی۔
باسط علی نے اپنی 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں وکٹ کے چاروں طرف شاٹس کھیلے اور پی جے ایل میں پہلی سینچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
ان کی اس شاندار جارحانہ اننگز پر انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی مبارکباد دی۔
باسط علی نے پی جے ایل سیزن 1 کے اپنے پہلے میچ میں بھی ففٹی سکور کی تھی۔ سپورٹس پریزینٹر روحہ ندیم نے اپنی ایک ٹویٹ میں نوجوان بیٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’نام یاد رکھیے گا۔‘
کھیلوں پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی فیضان لاکھانی نے ایک ٹویٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ’نئے باسط علی‘ کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یقین ہے وہ جلد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیموں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالیں گے۔‘ 
عامر ملک نے لوگوں کو پی جے ایل دیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے باسط علی کے بارے میں لکھا کہ ’باسط علی جیسے نام کے ساتھ آپ ان سے کم کی امید رکھ بھی نہیں سکتے۔‘
باسط علی کو ان کی ناقابل شکست اننگز پر پلیئر آف دا میچ ایوارڈ بھی دیا گیا۔
خیال رہے اس سے قبل ایک اور باسط علی پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ بھی سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرتے تھے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے باسط علی نے پاکستان کے لیے 19 ٹیسٹ اور 50 ون ڈے کھیلے تھے۔
آج اتوار کو پی جے ایل میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ حیدرآباد ہنٹرز اور گوادر شارکس اور دوسرا راولپنڈی رائڈرز اور مردان وارئیرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: