Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چترال میں گاڑی کی ٹکر سے لومڑی کو ہلاک کرنے کا مقدمہ، ڈرائیور کی تلاش

ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر وائلڈ لائف کے مطابق حاثہ رات گئے پیش آیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں جمعے کی شب گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی لومڑی ہلاک ہو گئی جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر زخمی لومڑی کی تصویر وائرل ہوئی۔ شیئر کرنے والے شہری نے زخمی لومڑی کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’ڈرائیور کی غفلت سے بے زبان جانور زخمی ہو گیا ہے۔‘
سوشل میڈیا سے اطلاع ملتے ہی محکمہ وائلڈ لائف چترال کے اہلکاروں نے لومڑی کو فوری طور پر ریسکیو کیا اور طبی امداد فراہم کی تاہم جانور کی جان نہ بچائی جا سکی۔
 وائلڈ لائف کے رینج آفیسر  نے نامعلوم افراد کے خلاف چالان بھی مرتب کرکے رپورٹ درج کی۔
رپورٹ کے مطابق ڈرائیور کی ٹکر سے لومڑی شدید زخمی ہوئی تھی لہٰذا ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔ 
ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) وائلڈ لائف چترال رضوان اللہ یوسفزئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ گاڑی کے کچلنے کی وجہ سے لومڑی کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے جان نہ بچائی جا سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ڈرائیور کو تلاش کر رہے ہیں۔ ’یہ دیکھنا ہوگا کہ ڈرائیور نے تیز رفتاری کے باعث ٹکر ماری یا جانور اچانک سڑک میں آ گیا تھا۔
ڈی ایف او کے مطابق یہ حادثہ رات 4 بجے پیش آیا یے ۔ 
ڈی ایف او چترال نے بتایا کہ ایسے واقعات میں ملزم کے خلاف وائلد لائف ایکٹ کے تحت مختلف جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ’عوام سے بھی اپیل ہے کہ جنگلی حیات کا خیال رکھیں اور جہاں ایسی صورتحال نظر آئے ہمارے اہلکاروں کو آگاہ کریں۔‘ 
محکمہ وائلڈ لائف نے گزشتہ روز سب ڈویژن مستوج میں آئی بیکس (پہاڑی بکرا) کا غیر قانونی شکاری بھی گرفتار کیا جس کو وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت تین لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

شیئر: