سعودی عرب میں شمالی اور مشرقی نیٹ ورکس کو جوڑنے والی نئی ریلوے سروس
سعودی عرب میں شمالی اور مشرقی نیٹ ورکس کو جوڑنے والی نئی ریلوے سروس
پیر 10 اکتوبر 2022 22:23
نیا اندرونی نیٹ ورک جبیل انڈسٹریل سٹی میں صنعتی سہولتیں فراہم کرے گا(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب ریلوے نے جبیل انڈسٹریل سٹی کے ذریعے شمالی اور مشرقی نیٹ ورکس کو جوڑنے والی ایک ریلوے سروس شروع کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ریلوےکمپنی نے کہا ہے کہ نیا اندرونی نیٹ ورک جبیل انڈسٹریل سٹی میں صنعتی سہولتیں فراہم کرے گا جو جبیل میں صدرا کمپنی سے کنگ فہد انڈسٹریل پورٹ اور جبیل کمرشل پورٹ تک پھیلا ہوا ہے۔
سعودی ریلوے کمپنی نے کہا ہے کہ کنگ فہد پورٹ سے سالانہ 6 ملین ٹن سے زیادہ مائع اور ٹھوس مواد کی نقل و حمل کی توقع ہے۔
سعودی ریلوے کمپنی کے سی ای او نے بشار المالک نے سی این بی سی عربیہ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ریلوے منصوبے کی لاگت دو بلین ریال ہے۔
بشار المالک نے نشاندہی کی کہ یہ منصوبہ ریلوے نیٹ ورک سے مستفید ہونے والی تمام صنعتی اور تجارتی سہولتوں کو ٹرین کے ذریعے آسانی اور لچک کے ساتھ تین بندرگاہوں تک پہنچنے کی اجازت دے گا۔
سعودی ریلوے کمپنی نے مزید کہا کہ’ یہ کنکشن دمام اور جبیل میں تجارتی اور صنعتی پورٹس کو ٹرین نیٹ ورک سے منسلک کرکے مربوط حل اور مکمل لاجسٹک خدمات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
ایسا اس وقت ہوتا ہے جب نئے شروع کیے گئے نیٹ ورک کا مقصد نقل و حمل کے دیگر ذرائع سے کاربن کے اخراج کو کم کرنا اور مال بردار ٹرین کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اشارہ کیا کہ نیا منصوبہ سالانہ 20 ہزار ٹرکوں کو سڑکوں سے ہٹا دیا جائے گا جو لاجسٹک سیکٹر کو سپورٹ کرے گا اور ماحولیات اور انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھے گا۔
نیا منصوبہ سالانہ 20 ہزار ٹرکوں کو سڑکوں سے ہٹانے میں مدد دے گا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجاسر نے العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’ان منصوبوں سے مملکت میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’بھیڑ کو کم کرنے کے لیے چار لاکھ 50 ہزار ٹرک سڑکوں سے ہٹا دیے جائیں گے۔ ہم مستقبل کے منصوبوں کے ذریعے دس لاکھ ٹرکوں کو سڑکوں سے ہٹانا چاہتے ہیں‘۔
صالح الجاسر نے وضاحت کی کہ’ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے لیے قومی حکمت عملی جس میں 500 بلین ریال سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہے، بڑے منصوبوں کو شامل کرتی ہے، جس میں مملکت کے مشرق اور مغرب کو ریلوے کے ذریعے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ریاض کے نئے ایئر پورٹ کا منصوبہ شامل ہے‘۔
واضح رہے کہ سعودی پورٹس اتھارٹی موانی نے جدہ اسلامی پورٹ پر نئی برتھوں کے لیے مجموعی طور پر 642 ملین ریال کے دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
ایک بیان کے مطابق دونوں معاہدوں پر پی سی میرین سروسز اور ماڈرن بلڈنگ لیڈرز کے کنٹریکٹرز کے ساتھ دستخط کیے گئے جو ھوتا ہیگر فیلڈ سعودیہ کے ساتھ کنسورشیم میں تھے۔