گلف ٹرین منصوبہ، سعودی عرب نے 200 کلو میٹر ریلوے لائن بچھادی
دیگر 4 خلیجی ملکوں میں ریلوے لائن پر کام ہورہا ہے ( فوٹو ٹوئٹر)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) ریلوے نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے گلف ریلوے لائن سے متعلق 200 کلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا دیگر 4 ملکوں میں ریلوے لائن پر کام ہورہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ نے بیان میں کہا کہ ’کونسل کے کئی ممالک نے پندرہ ارب ریال لاگت کے ریلوے منصوبے کے لیے کام مکمل کرلیا ۔ سعودی عرب نے دو سو کلو میٹر ریلوے لائن بچھادی۔ باقی ماندہ کام مکمل کیا جارہا ہے‘۔
اماراتی جریدے الرویہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ’ امارات نے سعودی عرب کی سرحد تک ریلوے لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا ہے۔ دیگر رکن ممالک ریلوے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کررہے ہیں‘۔
جنرل سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ ’جی سی سی ممالک کو ریلوے لائن سے جوڑنے کے منصوبے پر تقریبا پندرہ ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔ منصوبے پر کام جاری ہے ۔ مقامی نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرام کے انعقاد میں ریلوے لائن کا تجربہ رکھنے والی عالمی تنظیموں کا تعاون بھی لیا جارہا ہے‘۔
گلف ریلوے لائن 2117 کلو میٹر طویل ہے۔ اس کا آغاز کویت سے ہوگا۔ سعودی شہر دمام سے ہوتے ہوئے بحرین اور دمام سے سلوی چیک پوسٹ کے راستے قطر تک جائے گی۔
سعودی عرب سے ریلوے لائن امارات کے شہر ابوظبی اورالعین اور وہاں سے صحار کے راستے مسقط جائے گی۔
یاد رہے کہ گلف ٹرین کے نام سے جی سی سی ممالک ریلوے منصوبہ نافذ کررہے ہیں۔