خواتین محرم کے بغیر عمرے کے لیے آسکتی ہیں، زائرین کسی بھی شہر میں جا سکتے ہیں: سعودی وزیر حج
خواتین محرم کے بغیر عمرے کے لیے آسکتی ہیں، زائرین کسی بھی شہر میں جا سکتے ہیں: سعودی وزیر حج
منگل 11 اکتوبر 2022 20:32
سعودی وزیر حج نے سرکاری دورے کے دوران مصری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے منگل کو سرکاری دورے کے آخری مرحلے میں مصری وزیر سیاحت احمد عیسی سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط، مصر میں متعین سعودی سفیر اسامہ نقلی، وزارت کے متعدد عہدیدار اور قاہرہ میں سعودی سفارتخانے کے ذمہ داران موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی تعاون اور مصری عمرہ زائرین کو سعودی عرب کی طرف سے دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران مصر کی متعلقہ وزارتوں کے تعاون و شراکت سے ویزوں کے اجرا اور دی جانے والی سہولتوں پر بات چیت کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ’ کسی بھی ویزے پر آنے والا اطمینان اور سکون کے ساتھ عمرہ کرسکتا ہے۔ خواتین محرم کے بغیرعمرہ ادا کرنے مملکت آسکتی ہیں۔ عمرہ زائرین سعودی عرب کے کسی بھی شہر آجاسکتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دنیا کے کسی بھی ملک کے لیے عمرہ زائرین کی تعداد متعین نہیں ہے۔عمرے کے حوالے سے کسی ملک کے لیے کوٹہ مقرر نہیں ہے‘۔
ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے کہا کہ’ سعودی عرب کے تمام متعلقہ سرکاری ادارے اور پرائیویٹ سیکٹر کے ادارے ڈیجیٹل سسٹم لا رہے ہیں۔ عمرہ زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو خوش آمدید کہنے کے لیے اقداماات کیے جا رہے ہیں‘۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ کی توسیع کا کام جاری ہے۔ اس پر 200 ارب ریال کی لاگت آچکی ہے۔ یہ تاریخ کا سب سے بڑا تعمیراتی منصوبہ ہے‘۔
مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اورعرفات) کا بنیادی اور انتظامی ڈھانچہ زائرین کی سہولت کےلیے تبدیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’نسک‘ پلیٹ فارم کے اجرا کا مقصد حج، عمرہ و زیارت کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ اب عمرہ ویزے اور پیکیج کا حصول چوبیس گھنٹے سے کم وقت کے اندر مکمل ہوجاتا ہے‘۔
یاد رہے کہ وزیر حج و عمرہ جو ان دنوں مصر کے سرکاری دورے پر ہیں پیر کو قاہرہ کے سعودی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کی تھی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا تھا کہ مصر کے تمام عمرہ زائرین کے حوالے سے صحت پابندیاں اور شرائط ختم کردی گئی ہیں۔ سعودی عرب دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ مصریوں کو جو سہولت دی جارہی ہے وہ اسی پالیسی کا حصہ ہے۔