’جنات پیسے نہیں چراتے،‘ انڈیا میں بزنس مین کے گھر چوری کا ڈراپ سین
بدھ 12 اکتوبر 2022 11:58
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عبدالقادر کے گھر میں چوریاں فروری سے ستمبر تک جاری رہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے شہر ممبئی میں رواں سال کے شروع میں ایک بزنس مین کے گھر سے سونے کے زیورات غائب ہونا شروع ہوئے اور یہ سلسلہ مہینوں تک جاری رہا لیکن انہوں نے اس کی شکایت پولیس کے پاس درج نہیں کروائی۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق عبدالقادر شبیر نامی بزنس مین کے گھر سے زیورات چوری ہونے کا سلسلہ رواں سال فروری میں شروع ہوا لیکن ستمبر تک پولیس کے پاس نہیں گئے کیونکہ وہ یہ سمجھ رہے تھے کہ یہ چوریاں دراصل جنات کی کارستانیاں ہیں۔
تاہم ستمبر میں جب ان کے گھر سے زیورات کے ساتھ ایک بڑی رقم غائب ہوئی تو انہوں نے بالآخر پولیس سے رابطہ کیا۔
عبدالقادر نے پولیس کو مقدمہ درج کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’جنات پیسے نہیں چراتے‘۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فروری سے ستمبر تک بزنس مین کے گھر سے کیش سمیت 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا غائب ہوچکا تھا۔
پولیس کو شک ہوا کہ عبدالقادر کے گھر میں ہونے والی چوریاں خاندان کے ہی کسی فرد کا کام ہے۔
ممبئی کے جنوبی علاقے کی پولیس نے جب تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ چور اور کونی نہیں بلکہ بزنس مین کی 12 سالہ بھتیجی ہے۔ تفتیش کے دوران 12 سالہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ گجرات میں رہائش پزیر ان کے ایک کزن نے ان سے عبدالقادر کے گھر میں چوری کرنے کی ہدایت دی تھی۔
عبدالقادر کی بھتیجی کے انکشافات کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گجرات سے لڑکی کے کزن اور دو دوستوں کو گرفتار کرتے ہوئے 40 لاکھ سے زائد مالیت کی چوری شدہ اشیاء بھی برآمد کرلی ہیں۔
بارہ سالہ لڑکی کو تاحال پولیس کی جانب سے گرفتار نہیں کیا گیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ایک رپورٹ مرتب کرکے جوینائل جسٹس بورڈ کو بھیجی جائے گی۔