Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تنخواہ نہ بڑھانے کا جھگڑا، مبینہ طور پر چوکیدار نے مالکن کو قتل کر دیا

پولیس نے شک گزرنے پر گھر کی تلاشی لی تو باورچی خانے سے ایک چھری ملی جس پر خون کے دھبے تھے۔ فوٹو: پشاور پولیس
پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں بزرگ خاتون کے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے پولیس نے گھر کے چوکیدار کو حراست میں لیا ہے۔
تھانہ حیات آباد کے ایس ایچ او تیمور خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ چوکیدار آصف خان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ مالکن اس کی تنخواہ نہیں بڑھا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق قتل کا یہ واقعہ پیر  10اکتوبر کی شب حیات آباد کے فیز تھری میں  پیش آیا۔
مقتولہ خاتون کی عمر 65 برس تھی۔ لاش ہسپتال منتقلی کے بعد پولیس نے جب جائے وقوعہ کا جائزہ لیا تو انہیں کوئی شواہد نہ ملے۔
پولیس نے گھر پر موجود افراد سے پوچھ گچھ شروع کی تو چوکیدار آصف خان نے بتایا کہ وہ اپنے کام میں مصروف تھا جب ایک شخص چہرے پر کپڑا لپیٹے دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور مالکن کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے شک گزرنے پر گھر کی تلاشی لی تو باورچی خانے سے ایک چھری ملی جس پر خون کے دھبے تھے۔
چوکیدار آصف خان سے اس حوالے سے سوالات کیے گئے تو اس نے متضاد جواب دیے اور بات کو بدلنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق مزید سوالات اور تفصیل پوچھنے پر بالآخر چوکیدار نے اعتراف جرم کر لیا۔
ایس ایچ او تیمور خان کے مطابق ’مقتولہ کے شوہر نے بتایا کہ جب وہ گھر آئے تو ان کی اہلیہ شدید زخمی حالت میں پڑی تھیں اور گھر پر صرف آصف خان چوکیدار موجود تھا۔‘
پولیس نے مقتولہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں ملازم آصف خان کے خلاف قتل کا مقدمہ 
 درج کر کے حراست میں لیا۔ ایف آئی آر میں وجہ عناد تنخواہ نہ بڑھانا بتایا گیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ حیات آباد تیمور خان کے مطابق ملزم کی تنخواہ کے معاملے پر اپنی  مالکن سے بحث و تکرار ہوتی رہتی تھی۔ ’ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ مالکن نے اس کی تنخواہ دس ہزار روپے سے بڑھانے کا وعدہ کیا تھا مگر جب تنخواہ بڑھانے کی بات کی تو مالکن برا بھلا کہتی جس پر اس کو غصہ آیا۔‘  
پولیس کے مطابق ملزم نے تمام ثبوت مٹانے کی کوشش کی تھی مگر ہاتھ پر لگے زخم کو نہ چھپا سکا۔ 
’ملازم کے ہاتھ پر زخم کا نشان تھا جس سے شبہ ہوا کہ قتل کے دوران خاتون نے مزاحمت کے طور ملازم کے ہاتھ پر دانت کاٹے تھے جس کا اعتراف ملزم نے کیا۔‘
ایس ایچ او تیمور خان نے بتایا کہ ملزم کا تعلق نواحی علاقے نحقئی داودزئی سے ہے، ملزم کو کچھ ماہ پہلے خاتون گھر کے پر کام کے لیے رکھا گیا تھا۔ 

شیئر: