Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم سے آفتاب اقبال کی تنقید پر سوال، ’میں تو ان کو جانتا بھی نہیں‘

اینکر آفتاب اقبال کے بارے میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ ان کو نہیں جانتے۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کے مختلف ٹیلی ویژن چینلز کے پروگراموں کی میزبانی کرنے والے آفتاب اقبال کی جانب سے کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر حالیہ تنقید کا ڈراپ سین سامنے آ گیا ہے جب انہوں نے اس سے متعلق سوال پر آفتاب اقبال کو پہچاننے سے ہی انکار کر دیا۔
جمعرات کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی20 میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے سٹار بیٹسمین بابر اعظم سے اینکر آفتاب اقبال کی تنقید کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ویسے مجھے نہیں پتا آپ کس کی بات کر رہے ہیں۔ جس کا نام لیا ہے میں ان کو جانتا بھی نہیں۔‘
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’دیکھیں یہ چیزیں چلتی رہتی ہیں۔ اچھا کرتے ہیں تو بھی یہ چیزیں ہوتی ہیں برا ہو تو سارے (تنقید کے لیے تیار رہتے ہیں) ہم کوشش کرتے ہیں کہ اپنا سو فیصد دیں۔ کبھی کبھار ہماری کارکردگی معیار کے مطابق نہیں ہوتی لیکن کوشش کرتے ہیں کہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔‘
کچھ دیر دن پہلے اپنے مزاحیہ شو میں آفتاب اقبال نے بابر اعظم کی چند میچوں میں کمزور کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بابر اعظم اب سٹار نہیں رہا۔ کم از کم میرے لیے تو وہ سٹار نہیں۔ اس لیے نہیں کہ اس نے کیچز ڈراپ کیے۔۔۔ اس لیے نہیں کہ وہ سکور نہیں کر رہا۔۔۔ اس کے ایگو (انا) کے مسائل ہیں۔
آفتاب اقبال کے ان الفاظ پر بابر اعظم کے فینز بہت غصے میں تھے اور انہوں نے خود اینکر کو مغرور قرار دیا تھا اور میمز کا لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا تھا ۔
جمعرات کو بابر اعظم کے تبصرے کے بعد ان کے مداح پھر سوشل میڈیا پر سامنے آئے اور میمز بنانی شروع کر دیں جس میں انہوں نے ون ڈے کرکٹ کے عالمی نمبر ون بیٹسمین کا بھرپور دفاع کیا۔
سپورٹس کی کوریج کرنے والے صحافی عمران صدیقی نے لکھا کہ ’آپ کس کی بات کر رہے ہیں۔ میں تو انھیں جانتا تک نہیں، بابر اعظم نے آفتاب اقبال کو جواب نہ دے کر بھی بھرپور جواب دے دیا۔‘
کاشف اعوان نامی صارف نے لکھا کہ ’بابر اعظم کا چھکا۔‘
سعد مقصود نامی صارف نے لکھا کہ ’کون آفتاب اقبال میں تو اُن کو جانتا بھی نہیں ہوں :) بابر اعظم کا ایک صحافی کے سوال پر جواب۔ اتنے عظیم ہوسٹ صحافی کو بابر اعظم نہیں جانتا اس گستاخی پر بابر کو سزا ہونی چاہیے۔‘
آفتاب اقبال نے اپنی تنقید میں مزید کہا تھا کہ ’وہ کڑ (جلن) رکھنے لگ گیا ہے کھلاڑیوں کے ساتھ۔ یہ کیا بات ہوئی۔ تم اپنے آپ کو بھول رہے ہوں۔ کہاں سے شروع کیا تم نے اور اللہ نے اتنی جلدی تمھیں وہ مقام عطا کیا۔ تمھیں تو چاہیے تھا تم اتنا ہی زمین میں دھنس جاتے۔ تم ایگو کے معاملات لے کر چل رہے ہو۔ بڑے ہی افسوس کی بات ہے۔ شرم کی بات ہے۔‘

شیئر: