’العمرۃ‘ ای گیٹ سے چند منٹوں میں عمرہ ویزا حاصل کریں
’مقام‘ گیٹ کے ذریعے بھی درخواست دی جاسکتی ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے پھر کہا ہے کہ’ بیرون ملک سے آنے والے ای عمرہ ویزے کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ’ زائرین ’العمرۃ‘ ای گیٹ سے کارروائی مکمل کیے جانے پر عمرہ ویزا چند منٹوں میں حاصل کرسکتے ہیں‘۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ’ عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے ’مقام‘ گیٹ کے ذریعے درخواست دی جاسکتی ہے۔ یہ کام کسی واسطے کے بغیرکیا جاسکتا ہے۔ مقام گیٹ پر مطلوبہ خدمات بک کرانے کےبعد ویزا لینے کے لیے اپیلی کیشن نمبر حاصل کیا جائے۔‘
اس کے بعد عمرہ ویزا فارم بھرنے اوراس کا پرنٹ لینے کے لیے ویزوں کے قومی پلیٹ فارم سے رجوع کیا جائے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ’ زائرین مقامی ٹریولنگ ایجنسی کے ذریعے بھی عمرہ ویزا کی کارروائی کرسکتے ہیں تاہم اس کے لیے اس ملک میں رجسٹرڈ ٹریولنگ ایجنٹ ہی سے رابطہ کیا جائے۔ یہ کام ’مقام‘ گیٹ کے ذریعے کیا جاسکتا ہے‘۔