’منفرد انداز اور آواز‘ ، سعودی گلوکارہ افنان عباس کے چرچے
’منفرد انداز اور آواز‘ ، سعودی گلوکارہ افنان عباس کے چرچے
پیر 17 اکتوبر 2022 5:38
افنان عباس کے مطابق جو گانا بھی گایا اس میں نیا پن پیدا کرنے کی کوشش کی۔ (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی گلوکارہ افنان عباس کے منفرد انداز اور آواز کے گلوکاری کی دنیا میں چرچے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق افنان عباس نے مختلف پروگراموں میں شرکت کرکے دنیائے فن کو اپنی آواز کے سحر اور اپنے انداز سے متاثر کیا ہے۔
افنان عباس بتایا کہ ’اتخیلک حولی‘ (تمہیں اپنے اطراف محسوس کرتی ہوں) سنا کر اپنے گلوکاری کے سفر کا آغاز کیا۔
گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں اپنے اندر چھپی ہوئی گلوکاری کی صلاحیت 20 برس کی عمر میں دریافت ہوئی تھی۔
’شروع میں اپنے شوق کے لیے گلوکاری کرتی تھی لیکن جب دیکھا کہ لوگ دلچسپی لے رہے ہیں اور میرے گانوں کو پسند کر رہے ہیں تو میں نے خود کو ایک گلوکار کے طور پر تیار کرنا شروع کیا۔ اس کا اچھا نتیجہ سامنے آیا۔‘
افنان عباس نے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد پسندیدہ گلوکاروں اور ان کی نقالی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ مجھے سعودی گلوکاری بے حد پسند ہے۔ میں گلوکارہ اصالہ، ذکری اور گلوکار جارج اور سوف کے گانے شوق سے سنتی ہوں۔‘
افنان عباس نے موسیقی کی دنیا کو منفرد گانے دیے۔ ان میں بعض گانے لبنانی لہجے میں ہیں۔ جو گانا بھی گایا اس میں نیا پن پیدا کرنے کی کوشش کی۔
افنان کا کہنا تھا کہ ’وہ متعدد قومی پروگراموں میں شرکت کر چکی ہیں۔ اس حوالے سے خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ گھر والوں خصوصاً شوہر نے حوصلہ افزائی کی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ریاض اور جدہ سیزن کے علاوہ ریاض سیزن کے متعدد کنسرٹس میں حصہ لے چکی ہوں۔ اب تک عرب دنیا کے متعدد لہجوں میں گانے گا چکی ہوں۔‘
افنان عباس کا کہنا تھا کہ ’مجھے شمالی ریجن میں پہلے تھیٹر کے افتتاح کا اعزاز حاصل ہے۔ اس بات کی بھی خوشی ہے کہ قاہرہ کے سعودی سفارت خانے میں قومی دن کی تقریب کے لیے مجھے بلایا گیا تھا۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں