Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ ویزا سسٹم نے مسترد کردیا، فیس کیسے واپس لیں؟

جوازات کے اکاونٹ میں جمع شدہ فیس سسٹم میں موجود رہتی ہے( فائل فوٹو ایس پی اے) 
سعودی عرب میں جوازات کے قانون کے مطابق خروج وعودہ پرجانے والے افراد اس امرکے پابند ہوتے ہیں کہ وہ اپنے مقررہ وقت پرمملکت واپس آئیں اگروقت پرواپسی کا ارادہ نہیں تو اس صورت میں خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانا ضروری ہے۔ 
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے سوال کیا ’خروج وعودہ ویزے کےلیے مطلوبہ فیس ادا کرنے کے بعد ویزا حاصل کرنے کی کارروائی کی جوسسٹم سے رد کردی گئی۔ ابشر کے خودکارسسٹم پرجو اعتراض پیش کیا گیا اس میں کہا گیا تھا کہ پاسپورٹ کی ایکسپائری کی مدت مطلوبہ مدت سے کم ہے اس لیے خروج وعودہ جاری نہیں کیاجاسکتا ، معلوم یہ کرنا ہے کہ خروج وعودہ کے لیے ادا کی گئی فیس کس طرح واپس لی جاسکتی ہے؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’جب تک جوازات سے مطلوبہ سروس حاصل نہ کی جائے اس وقت تک فیس واپس لی جاسکتی ہے۔ سروس حاصل کرلینے کے بعد جب فیس جوازات کے اکاونٹ میں منتقل ہوجائے اور اس کے مقابل خروج وعودہ جاری کردیاجائے اس صورت میں فیس واپس نہیں ہوسکتی‘۔ 
جمع کی گئی فیس اسی اکاونٹ میں واپس ہوگی جس کے ذریعے سے جمع کی گئی تھی۔ فیس واپس لینے کےلیے بینک کے ’سداد‘ آپشن کو استعمال کرتے ہوئے فیس واپسی کی کمانڈ دی جائے۔ فیس پانچ سے سات ورکنگ ڈیز کے دوران واپس ہوجائے گی۔ 
واضح رہے خروج وعودہ ویزا حاصل کرنے کےلیے قانون کے مطابق غیرملکی کارکن کے پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 6 ماہ باقی ہونا چاہئیں جس کے بعد خروج وعودہ ویزہ حاصل کیاجاسکتا ہے۔ 

کارآمد پاسپورٹ پرہی ادارہ امیگریشن کی جانب سے انٹری دی جاتی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے جوازات کے اکاونٹ میں جمع شدہ فیس اگرواپس نہ نکالی جائے تو وہ  سسٹم میں موجود رہتی ہے۔  
 پاسپورٹ کی ایکسپائری کے بارے میں ایک شخص نے دریافت کیا ’ خروج وعودہ پرگیا ہوا ہوں، پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 2 ماہ کے قریب باقی ہیں کیا۔ اسی پاسپورٹ پرواپس آسکتا ہوں؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ اس حوالے سے متعلقہ فضائی کمپنی کے ضوابط پرعمل کیاجائے۔ امیگریشن قانون کے مطابق یہ ضروری ہے کہ جس وقت غیرملکی افراد مملکت میں داخل ہوں ان کے پاسپورٹ ایکسپائرنہ ہوں۔ کارآمد پاسپورٹ پرہی ادارہ امیگریشن کی جانب سے انٹری دی جاتی ہے‘۔ 
واضح رہے پاسپورٹ بین الاقوامی سفری دستاویز ہوتی ہے جس کا سفر کے وقت کارآمد ہونا ضروری ہوتا ہے۔ پاسپورٹ ایکسپائرہونے کی صورت میں عالمی قانون کے مطابق حامل پاسپورٹ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا۔ 

شیئر: