Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی: انڈین کرکٹ بورڈ

جے شاہ انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری بھی ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کا کہنا ہے کہ انڈیا کی ٹیم ایشیا کپ 2023 کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق منگل کو ممبئی میں انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی 91 ویں سالانہ میٹنگ کے موقع پر بات کرتے ہوئے جے شاہ کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کھیلنے کے لیے انڈیا کی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور یہ امکان موجود ہے کہ اگلے سال ہونے والا ایشیا کپ پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔
جے شاہ انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری بھی ہیں۔
اس سے قبل بیشتر کرکٹ ویب سائٹس کی طرف سے یہ خبریں بھی چلائیں گئیں تھیں کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
انڈین کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 2008 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئی تھی جس کے بعد سے اب تک کسی بھی میچ کے لیے پاکستان نہیں آئی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان آخری بار ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلے گئی تھی تاہم 2012 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو ٹی20 میچز اور 3 ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا۔ گرین شرٹس آخری مرتبہ 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے انڈیا گئی تھی۔
2023 میں پاکستان میں ہونے والا ایشیا کپ سال کے وسط میں کھیلا جائے گا جبکہ اس کا فارمیٹ ون ڈے ہوگا۔ اسی سال انڈیا میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ بھی شیڈول ہے۔

شیئر: