Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا میں ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ کا چونکا دینے والا آغاز: ’نام یاد رکھنا‘

سری لنکا کو ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں 55 رنز سے شکست ہوئی (فوٹو: ٹی 20 ورلڈ کپ ٹوئٹر)
دنیائے کرکٹ کے مقبول ترین مقابلوں میں سے ایک ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز کرکٹ فینز کے لیے نیا اپ سیٹ لے کر سامنے آیا تو بہت سارے چونکے بغیر نہ رہ سکے۔
اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں شروع ہوا تو سابق عالمی چیمپین سری لنکا اور نسبتا نئی ٹیم نیمیبیا مدمقابل تھی۔ گروپ اے کے اس میچ سے متعلق فینز کو یقین تھا کہ حالیہ کامیابیوں اور فارم کی وجہ سے سری لنکا بآسانی میدان مار لے گی، لیکن ہوا اس کے برعکس۔
نیمیبیا کی ٹیم نے سات وکٹیں کھو کر 163 رنز بنائے، جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اپنی ٹیم کی بیٹنگ کے دوران 28 گیندوں پر 44 رنز بنانے اور پھر 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے والے آل راؤنڈر جان فریلنک کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے اولین میچ میں اپ سیٹ نے نہ صرف کرکٹ فینز کو بلکہ مبصرین اور سابق کرکٹ سٹارز کو بھی چونکنے پر مجبور کر دیا۔
سابق انڈین کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ’نیمیبیا نے کرکٹ کی دنیا کو بتایا ہے کہ نام یاد رکھنا۔‘

ٹی 20 ورلڈ کپ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے اس کامیابی پر تبصرے میں لکھا کہ ’نیمیبیا یہ دن جلد بھول نہیں سکے گا۔‘

سری لنکا کے خلاف نیمیبیا کی 55 رنز سے کامیابی کو کرکٹ مبصرین نے ’مضبوط ٹیم ورک‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
سری لنکا کے سابق کرکٹ لیستھ ملنگا نے میچ پر اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’کسی بیٹر کو 60 تا 70 رنز جوڑنے ہوں گے۔‘

حال ہی میں ایشیا کپ کے چیمپیئن کا اعزاز پانے والی سری لنکن ٹیم میچ کے ابتدائی پاورپلے کے سوا پورے میچ میں کسی بھی مرحلے پر جیت کی امید زندہ نہیں کرپائی۔
سری لنکا نے گروپ اے میں اپنا دوسرا میچ منگل کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلنا ہے۔ ٹورنامنٹ میں باقی رہنے کے لیے لازم ہے کہ لنکن ٹائیگرز اس میچ میں لازما کامیابی حاصل کریں۔ 
دوسری جانب نیمیبیا کے لیے آج کی کامیابی کے بعد یہ چیلنج قدرے چھوٹا ہے جس نے سپر12 مرحلے میں پہنچنے کے لیے منگل کو نیدرلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔
آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کا آٹھواں میلہ آج 16 اکتوبر سے شروع ہوا ہے جو 13 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل 16 ٹیمیں شریک ہیں جو پہلے گروپ مرحلے، پھر سپر 12 اور آخر میں پلے آف کھیلیں گی، ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
اب تک ہونے والے سات ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان، انڈیا، انگلینڈ، سری لنکا اور آسٹریلیا ایک ایک جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو مرتبہ کامیابی حاصل کرچکی ہے۔

شیئر: