Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹمبر مافیا کے سہولت کار گدھے تھانے میں بند، عدالت میں پیش کرنے کا حکم

ٹمبر مافیا کے کارندے برساتی نالوں میں گدھوں کے استعمال سے لکڑیاں دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں (فائل فوٹو: محکمہ فارسٹ چترال)
خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال کی تحصیل دروش میں ضلعی انتظامیہ نے ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ گدھوں کو تحویل میں لیتے ہوئے تھانے منتقل کر دیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تحصیل دروش میں ضلعی انتظامیہ نے لکڑیوں کی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ منگل کی شب اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں دروش گول کے مقام پر برساتی نالے میں کارروائی کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ اور فارسٹ اہلکار کے پہنچتے ہی لکڑیاں کاٹنے والے ملزمان بھاگنے میں کامیاب ہو گئے تاہم اُن کے تین گدھے وہیں رہ گئے جن کو حکام نے تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دروش توصیف اللہ نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی کارروائی میں ایک ملزم سمیت تین گدھے پکڑے گئے تھے۔ ’منگل کی رات بھی  ہمیں اطلاع ملی تھی کہ گدھوں پر لکڑیوں کے سلیپرز لاد کر دوسرے گاؤں سمگل کیا جا رہا ہے۔‘
’ہمارے پہنچتے ہی ملزمان جنگل میں فرار ہو گئے تاہم ان کے ساتھ موجود گدھے تحویل میں لے لیے گئے۔ ٹمبر مافیا کے کارندے برساتی نالوں میں گدھوں کے استعمال سے لکڑیاں دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔‘
اسسٹنٹ کمشنر توصیف اللہ کا کہنا تھا کہ ’محکمہ فارسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 6 گدھوں کو عدالت میں پیش کیا جائے۔‘
ضلعی انتظامیہ دروش کے مطابق ٹمبر مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور محکمہ فارسٹ کے اہلکار ان کی تمام گزرگاہوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

شیئر: