Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم اورنگزیب سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔
بدھ کو ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم نامزد ہونے پر سعودی سفیر کو مبارکباد دی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک میں ایم او یوز کو حتمی شکل دینے کے لیے ورکنگ کی جائے گی۔ ملاقات میں میڈیا اور فلم کے شعبوں میں جاری تعاون کو مزید تیز کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے پناہ عزت و احترام ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں سعودی عرب کے سفیر کے اہم کردار کو بھی سراہا جنہوں نے ذاتی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے پاکستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر شدید دکھ ہوا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی حکومت پاکستان میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گی۔

شیئر: