کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج میں توسیع
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج میں توسیع
جمعہ 21 اکتوبر 2022 15:26
تمام امدادی پیکجز این ڈی ایم اے کے تعاون سے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں اپنی امدادی سرگرمیاں میں توسیع کرتے ہوئے تقسیم کا عمل مزید تیز کر دیا ہے۔
جمعے کو پاکستان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہنگامی امداد کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔
واضح رہے رواں سال پاکستان میں غیر معمولی طور پر تیز مون سون بارشوں کی وجہ سے آنے والے جان لیوا سیلاب نے تین کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے۔
ستمبر میں سعودی عرب نے پاکستان کو امدادی سامان پہنچانے کے لیے ایک ہوائی پل قائم کیا۔ جس کے ذریعے 10 مال بردار طیاروں کی مدد سے 2952 غذائی پیکج، 972 غیر غذائی پیکج، 660 ٹینٹ، 1682 کھجور کے ڈبے، 3192 چھوٹے کمبل اور 5040 بڑے کمبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کے حوالے کیے گئے۔ اس ہنگامی امدادی امداد سے 53 ہزار 136 افراد مستفید ہوئے ہیں۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے مختلف زمینی امدادی کارروائیوں میں توسیع کرتے ہوئے 50 ہزار غذائی پیکج، 50 ہزار مچھر دانیاں اور پانچ ہزار خیمے کی تقسیم شروع دی ہے۔
یہ امدادی اشیا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کے لیے خریدی گئیں تاکہ متاثرہ افراد کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
نازک صورتحال اور خیموں کی اشد ضرورت کے پیش نظر کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پانچ ہزار خیمے اور 50 ہزار مچھر دانیوں کی تقسیم جاری ہے۔ اس کے علاوہ مزید 25 ہزار این ایف آئی کٹس اور 25 ہزار ونٹر ریلیف کٹس عنقریب تقسیم کی جائیں گی۔ اس ہنگامی امداد سے سات لاکھ 32 ہزار پانچ سو افراد مستفید ہوں گے۔
یہ تمام امدادی پیکجز این ڈی ایم اے کے تعاون سے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے چار ہزار تین سو 85 ٹن مختلف قسم کا امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے جس سے سات لاکھ 85 ہزار 636 سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔