کنگ سلمان امدادی مرکز کی پاکستان میں امداد جاری
امدادی سامان کی حالیہ ترسیل سے 14 ہزار 161 سیلاب متاثرین مستفید ہوئے ہیں۔ (فوٹو: واس)
سعودی عرب کے کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیا اور خوراک کی تقسیم جاری ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق انسانی ہمدردی کے لیے کنگ سلمان امدادی مرکز کی کوششوں اور حالیہ ترسیل سے 14 ہزار 161 سیلاب متاثرین مستفید ہوئے ہیں۔
گذشتہ چند مہینوں سے شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے پاکستان کے متعدد شہروں اور دیہی علاقوں کو مکمل لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث لوگ پریشان اور مجبور ہیں۔
کنگ سلمان ہیومنیٹری ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان میں بسنے والے غریب اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے امدادی سامان کی تقسیم جاری ہے۔
امدادی پیکیج کی ترسیل شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق ہے۔
واضح رہے کہ اشیائے خور ونوش اور دیگر ضروری امدادی سامان کی ترسیل کا منصوبہ مختلف برادر ممالک اور دوست ممالک کےعوام کو بحران سے نکالنے کے لیے فراہم کی جانے والی امداد کا حصہ ہے۔