امن اور استحکام صرف ریاست کی رٹ سے ممکن ہے، آرمی چیف
جمعہ 21 اکتوبر 2022 17:20
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا ہے لیکن وہ ہر دفعہ ان سے مضبوط ہو کر نکلا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن اور استحکام صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ قائم ہو۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعے کو جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس (این ڈی یو) کا دورہ کیا اور 24 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے گفتگو کی۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے قومی سلامتی کو درپیش مختلف چیلنجز اور جوابی اقدامات کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات کی حفاظت اور فروغ کے لیے قومی ہم آہنگی اور متحد ردعمل ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
’پاکستان نے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا ہے لیکن وہ ہر دفعہ ان سے مضبوط ہو کر نکلا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ ایک ایسی ہی مثال ہے جو پوری قوم کی وجہ سے کامیاب ہوئی۔‘