Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک ٹوئٹر ہیڈ کوارٹر میں سِنک اٹھا لائے، ’مزاحیہ لوگ زیادہ کامیاب‘

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر کو خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹر میں باتھ روم سِنک اٹھا کر لے آئے۔ 
ایلون مسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹر میں باتھ رُوم سِنک اٹھائے داخل ہو رہے ہیں۔
ایلون مسک نے ویڈیو کے ساتھ لکھا ’ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹر کے اندر جا رہا ہوں، سب یہ سمجھ لیں۔‘
ایلون مسک کا باتھ رُوم سِنک کے ساتھ ٹوئٹر ہیڈ کوارٹر میں آنے کا مطلب انگریزی کے محاورے ’لیٹ دیٹ سِنک اِن‘ کو ذو معنی طریقے سے طنزیہ انداز میں استعمال کرنا تھا۔
شاید وہ یہ پیغام دینا چاہ رہے تھے کہ اب وہ واقعی ٹوئٹر خریدنے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایلون مسک اور ٹوئٹر انتظامیہ کے درمیان پلیٹ فارم کی خریداری آخری مراحل میں ہے۔
اس سے پہلے امریکی ریاست  ڈیلاویئر کی عدالت نے ایلون مسک اور ٹوئٹر کو 28 اکتوبر تک معاملات طے کرنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب ایلون مسک کے بارے میں یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ بینکوں کی جانب سے انہیں 13 ارب ڈالر بطور قرضہ دیا جائے گا جس کے لیے بینکوں نے کام شروع کر دیا ہے۔
ایلون مسک کی اس ویڈیو کے بعد ان کے ٹوئٹر نہ خریدنے سے متعلق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں اور اب ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا فیصلہ حتمی سمجھا جا رہا ہے۔ 
ٹوئٹر انتظامیہ اور ایلون مسک کے درمیان معاملات طے پا گئے تھے لیکن اختلافات پیدا ہونے کی وجہ سے ایلون مسک نے خریدنے سے انکار کر دیا تھا۔
ایلون مسک ٹوئٹر کے بارے میں کافی پرجوش رہے ہیں اور وہ بوٹ اکاؤنٹس کے خاتمے اور آزادیِ رائے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔
ایلون مسک کی ٹوئٹر کے ہیڈ آفس میں باتھ رُوم سِنک کے ساتھ آنے پر صارفین نے دلچسپ خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر صارف لارنس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پرانے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اب وہ بھی ٹوئٹر پر واپس آ جائیں گے۔
انجینیئرز نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’مزاحیہ لوگ اپنی زندگی میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں، مزاح کا ہونا ایک اہم سماجی ہنر ہے۔‘
ایک اور صارف نے سوال کیا کہ ایلون مسک نے کیوں سنک اٹھا رکھا ہے، جس پر کارل نامی صارف کا کہنا تھا کیونکہ ایلون مسک ایک بچہ ہے اور بچے والی سمجھ رکھتا ہے۔
اگر ایلون مسک جمعے تک ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹر جا کر معاہدے پر حتمی مہر نہیں لگاتے تو جج اس ڈیل کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے ٹرائل شروع کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔

شیئر: