میٹا کا نیا ’ورچوئل ریئلیٹی ہیڈ سیٹ‘ لیپ ٹاپ کا متبادل؟
مارک زکربرگ کے متعارف کرائے گئے نئے ییڈ سیٹ کی قیمت 15 سو ڈالر ہے۔ فوٹو: میٹا
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے ورچوئل ریئلیٹی کی ٹیکنالوجی سے لیس ایک نیا ہیڈ سیٹ متعارف کروایا ہے جو پیشہ ور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ’میٹا کوئیسٹ پرو‘ کے نام سے متعارف ہونے والے اس ہیڈ سیٹ میں متعدد نئے فیچرز موجود ہیں جن کے ذریعے صارف نہ صرف روز مرہ کے معمولات بہتر انداز میں ادا کر سکتا ہے بلکہ مصنوعی دنیا کا بھی مزہ لے سکے گا۔
اس ہیڈ سیٹ میں نصب بہترین کیمروں کی مدد سے اس کا پہننے والا ورچوئل یعنی مصنوعی دنیا کا نظارہ کر سکتا ہے اور ساتھ ہی حقیقی ماحول کو بھی بہتر انداز میں دیکھ سکتا ہے۔
میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے ہیڈ سیٹ سے متعلق کہا کہ جیسے ہی صارف مسکرائے گا یا اپنی بھنویں بھی چڑھائے گا تو اس کے ایواٹار یعنی ڈیجیٹل ہمشکل کے چہرے پر بھی یہ تمام تاثرات ظاہر ہوں گے۔
ہیڈ سیٹ کوئیسٹ پرو کی قیمت 15 سو ڈالر ہے جو آرڈر کے لیے آن لائن سٹورز پر دستیاب ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ کمپیوٹر سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی مائیکروسافٹ اور دیگر کے ساتھ بھی شراکت داری کر رہی ہے تاکہ کوئیسٹ پرو کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری سافٹ ویئرز کو ورچوئل ورلڈ کے مطابق کیا جائے۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’وی آر ڈائریکٹ‘ کے سربراہ رولف ایلنبرجر کے مطابق میٹا کی کوشش ہے کہ اس کے ہیڈ سیٹ کو لیپ ٹاپ کے متبادل کے طور پر پیش کیا جائے۔
دوسری جانب میٹا کو اشتہارات میں کمی اور ٹک ٹاک جیسے دیگر پلیٹ فارمز کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کمپنی مالی مشکلات سے بھی دوچار ہے۔
میٹا کے چیف ٹیکنالوجی افسر اینڈریو بوز کا کہنا ہے کہ کوئیسٹ کے ایپ سٹور میں موجود ایپس کی وجہ سے لاکھوں ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے۔
کوئیسٹ سٹور میں موجود ایپس اور گیمز پر کم از کم ڈیڑھ ارب خرچ ہو چکے ہیں جبکہ نومبر میں مشہور گیم آئرن مِین بھی ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہوگی۔