Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہترین لوگوں سے ملاقات ہوئی‘، ایلون مسک ٹوئٹر ہیڈکوارٹر میں

ٹوئٹر نے ڈیل کو مکمل کرنے کے لیے عدالت میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے پاس ٹوئٹر کی خریداری کی ڈیل برقرار رکھنے کے لیے آخری دن رہ گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اگر ایلون مسک جمعے تک ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹر جا کر معاہدے پر حتمی مہر نہیں لگاتے تو جج اس ڈیل کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے ٹرائل شروع کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔
ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں دنیا کی بڑی سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کے بعد کہا تھا کہ اس کی قیمت زیادہ ہے اور اُن کو جعلی یا بوٹس اکاؤنٹس کے بارے میں درست معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔
معاہدے کو ختم کرنے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے ٹوئٹر کی انتظامیہ نے مقدمہ دائر کیا تھا کہ ایلون مسک کو ڈیل پر قائم رکھا جائے۔
رواں سال اپریل سے شروع ہونے والے اس قضیے کے دوران بدھ کو ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر پروفائل کو ’چیف ٹوئٹ‘ میں تبدیل کیا اور کمپنی کے کیلیفورنیا ہیڈ کوارٹر میں ایک سنک اٹھا کر چلنے کی ویڈیو پوسٹ کرکے یہ اشارہ دیا کہ معاہدہ ٹھیک ہے۔
انہوں نے اس کے بعد ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج ٹوئٹر ہیڈکوارٹر میں بہت سے اچھے لوگوں سے ملاقات ہوئی۔‘
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں قانون کے پروفیسر ایڈم بداوی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میرے خیال میں جمعے کو ہمیں ایک اعلان سننے کو ملے گا جس میں کہا جائے گا کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔‘
کہا جا رہا ہے کہ دنیا کے سب سے امیر شخص نے 6 اکتوبر کو ڈیلاویئر جج کیتھلین میک کارمک کی جانب سے مقدمے کو وقتی طور پر روکنے کے بعد سے رقم یکجا کرنے شروع کی ہے تاکہ ٹوئٹر کو ادائیگی کی جا سکے۔

ایلون مسک دنیا کے دولت مند ترین شخص اور الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پروفیسر ایڈم بداوی نے مزید کہا کہ اگر جمعے کو کاروباری دن کے اختتام تک یہ خریداری مکمل نہیں ہوتی تو جج ممکنہ طور پر مقدمے کا ٹرائل جلد شروع کرنے کا حکم دیں گی۔
ایلون مسک نے جولائی میں ٹوئٹر کی خریداری سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیا تو کمپنی کی انتظامیہ نے کہا کہ ٹیسلا کے بانی بہانے بازی کر رہے ہیں۔

شیئر: