انڈین خواتین کرکٹرز کے لیے برابر کا معاوضہ، ’کیا زبردست فرنٹ فُٹ شاٹ ہے‘
حالیہ میچوں میں انڈین ویمنز ٹیم کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ ستاروں نے انڈین خواتین کرکٹرز کو مرد کرکٹرز کے برابر میچ کا معاوضہ دینے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
جمعرات کو انڈین کرکٹ بورڈ ۃ(بی سی سی آئی) نے اعلان کیا تھا کہ اس نے صنفی امتیاز کے خاتمے کے لیے پہلا قدم اٹھایا ہے۔ اب مرد اور خواتین کرکٹ ٹیم دونوں کے لیے برابر معاوضہ ہوگا۔
اداکار شاہ رخ خان نے ٹویٹ کیا کہ ’کیا زبردست فرنٹ فُٹ شاٹ کھیلا ہے۔ امید ہے دیگر بھی اس اقدام کی پیروی کریں گے۔‘
’چک دے انڈیا‘ کے ہیرو خود کرکٹ فین ہیں اور انڈین سُپر لیگ (آئی پی ایل) میں کلکتہ رائیڈرز سمیت متعدد ٹیموں کے مالک ہیں۔
اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’بی سی سی آئی نے غیرمعمولی کام کیا۔ برابری اور تنخواہوں میں مساوات کو یقینی بنانے کے لیے ایک زبردست فیصلہ ہے۔‘
اداکار سنیل شیٹی نے اس کو تاریخی فیصلہ قرار دیا کہ یہ ہی نئے انڈیا کا چہرہ ہونا چاہیے۔
تاپسی پنوں نے لکھا کہ ’برابر کے کام کے لیے برابر کے معاوضے کی جانب ایک بہت بڑا قدم۔ مثال قائم کرنے کے لیے شکریہ بی سی سی آئی۔‘
اداکار اکشے کمار نے کہا کہ ’دل خوش ہوگیا ہے پڑھ کر، چھا گئے۔ یہ ایک زبردست فیصلہ ہے، یہ فیصلہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ کرکٹ میں حصہ لینے میں مددگار ثابت ہوگا۔‘
اس فیصلے کے بعد انڈین ویمنز کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ میچ فیس میں چار گنا، ون ڈے میچ کی فیس میں چھ گنا اور ٹی20 کی میچ فیس میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جنسی امتیاز کو ختم کرنے کا یہ کوئی پہلا قدم نہیں۔
اس سے پہلے رواں ماہ بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ کے ویمن ایڈیشن (ویمنز آئی پی ایل) کو 2023 میں کروانے کا بھی اعلان کیا تھا۔
حالیہ میچوں میں انڈین ویمنز ٹیم کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔
انڈین ویمنز ٹیم نے انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا تھا جبکہ بنگلہ دیش میں ہونے والا ویمنز ایشیا کپ بھی انڈیا کے نام رہا تھا۔