Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض بلیوارڈ میں عرب دنیا کے بڑے آرٹ مرکز 'مرواس' کا افتتاح

مرکز بلیوارڈ میں ریاض سیزن کے 15 تفریحی زونز میں سے ایک ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے بلیوارڈ سٹی  میں 'مرواس' کے نام سے عرب دنیا کا سب سے بڑا تفریحی و آرٹ مرکز سعودی ٹیلنٹ کی مدد اور حمایت کرنے کے علاوہ نوجوان ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے کھولا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے مرواس کی شریک بانی اور سی ای او  ندی التویجری کی موجودگی کے ساتھ مل کر مرکز کا افتتاح کیا۔

ہم اس مرکز کو توسیع دے کر عالمی سطح پر ابھارنا چاہتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر مرکز کے شریک بانی اور چیف کنٹینٹ آفیسر رومیان الرمیان متعدد فنکاروں، موسیقاروں اور موسیقی کے تقسیم کاروں سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے۔
مرواس مرکز ریاض کے بلیوارڈ سٹی میں واقع ریاض سیزن کے 15 تفریحی زونز میں سے ایک ہے۔
 اس بین الاقوامی سٹوڈیو کے قیام کا مقصد یہاں آنے والوں کو  فلم اور سینما ٹوگرافی کی دنیا کو تلاش کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ندی التویجری نے بتایا ہے کہ مرواس ایک ثقافتی ادارہ ہے جس میں اکیڈمی کے ساتھ مختلف قسم کے 22 سٹوڈیو بنائے گئے ہیں۔

سٹوڈیو میں فنکاروں اورمحققین کو معاون ماحول فراہم کیا جائے گا۔ فوٹو واس

انہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد  آئندہ  پانچ سال کے اندر ایسے تمام مسائل حل کرنا ہے جو ہمیں اس شعبے میں پیش آتے ہیں دوسرا یہ کہ سعودی ٹیلنٹ کی بڑی تعداد کو مواقع فراہم کرنا ہے اور اس کے علاوہ رائلٹی، کاپی رائٹس متعارف کرانا اور کمیونٹی میں فنکاروں کو متعارف کرانا ہے۔
مرواس کی سی ای او نے مزید کہا کہ ہم اسے توسیع دے کر نہ صرف مملکت بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر ابھارنا چاہتے ہیں۔
یہ علاقہ پانچ ہزارمربع میٹر پر محیط ہے جہاں فن اور تفریح ​​کے تصور کو تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فنکاروں اور محققین کو معاون ماحول فراہم کیا جائے گا۔

ثقافتی مرکز میں اکیڈمی کے ساتھ مختلف قسم کے 22 سٹوڈیوز ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے بتایا کہ میرے خیال میں یہ اس شعبے میں ایک انقلاب ہے اور ابھی جو کچھ آپ دیکھ رہے ہیں وہ صرف پہلا قدم ہے۔
ہم کھیل کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، قوانین کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، وہیل کو دوبارہ ایجاد نہیں کرنا چاہتے ہیں بلکہ حقیقت میں وہیل ایجاد کرنا چاہتے ہیں۔
ہم اپنی صلاحیتوں کو مقامی سے عالمی سطح پر جاتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس  تعلیم یافتہ بہت عمدہ صلاحیتوں کی حامل کمیونٹی موجود ہے۔
ہمارے ہاں سٹوڈیوز میں اکیڈمی، پروڈکشن نیٹ ورک، عربی و انگریزی  ریڈیو چینلز،  آرٹسٹک پروڈکشن کمپنی اور تخلیقی کونسل ہے جس کے ذریعے تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثالی ماحول فراہم کیا جائے گا۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: