Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن کا آغاز جمعے سے، عالمی تجربات کے ساتھ واپسی

ریاض سیزن کے دوران 65 دن آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا( فوٹو عرب نیوز)
تیسرا ریاض سیزن  جمعہ 21 اکتوبر کو ساڑھے آٹھ ہزار سے زیادہ مختلف سرگرمیوں کے ساتھ شروع ہو گا، جس کا سلوگن ’ خیال سے دور‘ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس سال کا ایونٹ شائقین کو 15 زونز میں تفریحی اختیارات کی ایک وسیع رینج پیش کرے گا جن میں سے ہر ایک مختلف سرگرمیاں اورایونٹس، بشمول سٹورز، کیفے، ریستوراں، گیمز، تھیٹر، اور متعدد نئے عالمی تجربات پر مشتمل ہے۔
ان زونز میں بولیورڈ ورلڈ، بلیوارڈ ریاض سٹی، ونٹر ونڈر لینڈ، المربا، سکائی ریاض، ویا ریاض، ریاض چڑیا گھر، لٹل ریاض، دی گرووز، امیجینیشن پارک، السویدی پارک، سوق الزیل، قریت زمان، فین فیسٹیول اور ریاض محاذ شامل ہیں۔
گرووز زون شائقین کو آئس لاؤنج کے ذریعے قطب شمالی میں رہنے کا تجربہ کرنے کی اجازت دے گا جو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے اور لوگوں کو منفی 18 سینٹی گریڈ  تک کم درجہ حرارت پر لے جاتا ہے۔
قریت زمان زون اپنے سیکشنز اولڈیز تھیٹر، ماربلز ویلی، بیک یارڈ سٹیڈیم، میزن ہاؤس، سعودیہ چینل ون، المیدان اور بازار کے ذریعے شائقین کو تاریخی دور میں آثار قدیمہ کی ونڈو پیش کرے گا۔
یہ علاقہ شائقین کو ماضی اور اس کے دیرینہ رسم و رواج کی سیر کرواتا ہے۔
اس کے علاوہ پرانے طرز کے متعدد سٹورز، کیفے اور ریستوراں ہیں جہاں شائقین دلچسپ ماحول میں تاریخی طرز زندگی کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

اس سال کا ایونٹ شائقین کو 15 زونز میں تفریحی اختیارات کی ایک وسیع رینج پیش کرے گا(فوٹو ٹوئٹر ریاض سیزن)

ریاض چڑیا گھر زون میں 190 سپیشیز کے ایک ہزار 300 سے زیادہ جانور رکھے جائیں گے۔ شائقین انہیں دیکھنے اور تصاویر لینے سے لطف اندوز ہوں گے، انہیں کھانا کھلانے اور تفریحی پرفارمنس دیکھنے جیسی دیگر دلچسپ سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
لٹل ریاض زون، جو ڈپلومیٹک کوارٹر میں واقع ہے، بہت سے تفریحی پروگرام پیش کرتا ہے جیسے لائیو میوزیکل شوز، مقامی مصنوعات کے لیے کسانوں کا بازار اور مختلف ورکشاپس، زون میں یوگا اور ایروبکس سیشن بھی شامل ہوں گے۔
ریاض سیزن میں 65 دن آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف قسم کے سعودی اورعرب ڈرامے، کنسرٹ، مقامی اور بین الاقوامی نمائشیں جن میں موبائل فونز، پرفیوم اور کھیلوں کے مختلف آلات کی دکانیں شامل ہوں گی، نیز خاندانوں، افراد اور بچوں کے لیے بہت سی دلچسپ تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔

شیئر: