Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا انڈیا میں پل گرنے سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس

برطانوی دور کا پل گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 141 ہو گئی ہے(فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے انڈیا کی ریاست گجرات میں معلق پل گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق دفتر خارجہ نے پیر کو بیان میں کہا کہ’ مملکت نے پل حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ اور انڈیا کے  دوست عوام سے رنج و ملال کا اظہار اور زخمیوں کی فوری شفا کی آرزو ظاہر کی ہے‘۔
یاد رہے کہ انڈیا کی ریاست گجرات میں برطانوی دور کا پل گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 141 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق احمد آباد سے 200 کلومیٹر دور موربی کے علاقے میں واقع 150 سالہ پرانے پل پر لوگ مذہبی تہوار منانے کے لیے موجود تھے کہ پل کو سپورٹ کرنے والی کیبلز اچانک ٹوٹ گئیں۔ 
اس وقت پل یا اس کے ارد گرد 500 افراد موجود تھے جو مچھو دریا میں جا گرے۔
موربی پل برطانوی دور حکومت میں سنہ 1880 میں تعمیر کیا تھا۔ 233 میٹر طویل اور 1.5 میٹر چوڑے اس پل کی تعمیر کے لیے تمام سامان برطانیہ سے شپ کیا گیا تھا۔ 
صرف چار دن قبل مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد اس پل کو ٹریفک کے لیے کھولا گیا تھا۔

شیئر: