Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست، شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل

شہباز گل پر دوران حراست مبینہ تشدد کے خلاف بھی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول فہرست (ای سی ایل) میں شامل کر دیا گیا ہے۔
منگل کو وزارت داخلہ کے ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا جس کی منظوری کابینہ کی کمیٹی نے کی تھی۔ 
شہباز گل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف رہ چکے ہیں اور وہ مبینہ غداری کے مقدمے میں ان دنوں ضمانت پر ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے شہباز گل کی ضمانت منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جا چکی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ قانون کی نظر میں درست نہیں۔ 
شہباز گِل کے خلاف مقدمہ کیا ہے؟
شہباز گِل کو 9 اگست کو فوج کے اہلکاروں کو قیادت کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔
اُن پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 34 (مشترکہ ارادہ)، 109 (اکسانے)، 120 (قید کے قابل جرم کے ارتکاب کے لیے ڈیزائن چھپانے)، 121 (ریاست کے خلاف جنگ چھیڑنا)، 124 اے (بغاوت) 131 (بغاوت پر اکسانا، یا کسی فوجی، بحری یا فضائیہ کو اپنی ڈیوٹی سے بہکانے کی کوشش کرنا)، 153 (فساد پر اکسانا)، 505 (عوامی فساد کو ہوا دینے والا بیان) اور 506 (مجرمانہ دھمکی کی سزا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
 

شیئر: