Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان بمقابلہ سری لنکا: ’گلبدین نے قلابازیاں لگائیں لیکن آوٹ ہوگئے‘

افغانستان اور سری لنکا کے میچ میں ایک دلچسپ رن آوٹ بھی دیکھنے میں ملا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو ہرا دیا۔
منگل کے روز برسبین میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا جسے سری لنکن ٹیم  نے 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا نے 66، کوشل مینڈس نے 25 جبکہ چاریتھ اسالانکا نے 19 رنز بنائے۔
افغانستان اور سری لنکا کے میچ میں ایک دلچسپ رن آوٹ بھی دیکھنے میں ملا۔
افغانستان کی اننگز کے دوران افغانستان کے کپتان محمد نبی نے مہیش تھیکشانا کی گیند پر ایک رن لیا جس کے بعد وہ دوسرے رن کے لیے بھی بھاگے لیکن راستے میں ارادہ ترک کردیا۔
محمد نبی تو اپنی کریز میں واپس پہنچ گئے لیکن گلبدین نائب اپنے کپتان پر اعتبار کر کے کریز سے نکلنے کے بعد واپس جاتے ہوئے پھسل گئے اور اپنا بلا بھی وہیں گرا بیٹھے جس کے بعد انہیں کریز تک پہنچنے کے لیے قلابازیوں کا سہارا لینا پڑا لیکن وہ آوٹ ہوگئے۔
سری لنکا سے ہارنے کے بعد افغانستان بھی ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا ہے۔
افغانستان نے ابھی تک ایونٹ میں دو میچ کھیلے ہیں جس میں دونوں مرتبہ انہیں شکست ہوئی ہے تاہم افغانستان کے دو میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ کردیے گئے تھے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان اپنا آخری میچ 4 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گا۔
گلبدین نائب کے اس دلچسپ طریقے سے آوٹ ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
ابھیشیک نے رن آوٹ کے بارے میں کہا کہ ’یہ کیسے بھونڈا قسم کا آوٹ تھا۔‘
سعد چاندنا کہتے ہیں کہ ’میں جھلکیاں دیکھ رہا تھا، بے چارے گلبدین نائب نے قلابازیاں خوب لگائیں لیکن آوٹ ہوگئے۔‘
سفیرہ طور فیس بک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’اسے رن آوٹ ہوتا دیکھ کر دُکھ ہوا، سری لنکن ٹیم نے سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا، بندہ پھسل گیا اور گر گیا اور درد سے کراہتا رہا۔‘
ساجد خان نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’اصل میں وہ سوئمنگ پول میں تیراکی کی مشق کر رہے تھے، لیکن سری لنکا کا یہ رن آوٹ کرنا ٹھیک نہیں تھا۔‘

شیئر: