Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’معظم کو نہیں بھولیں گے‘، لانگ مارچ میں بچوں کے سامنے دم توڑا

ٹوئٹر پر کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ معظم گوندل کو واقعے کے بعد فراموش کردیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ پر جمعرات کو وزیر آباد میں ہونے والی فائرنگ میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے اور ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
عمران خان سمیت کنٹینر پر سوار دیگر افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اس فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت معظم گوندل کے نام سے ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ہونے والی ایک ٹویٹ میں معظم کا عمران خان کی جان بچانے پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ ’شہید معظم گوندل کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جنہوں نے چیئرمین عمران خان کو بچاتے ہوئے شہادت دے دی۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں معظم گوندل کو گولی لگنے کے بعد سڑک پر بے سدھ لیٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ معظم تین بیٹوں کے باپ بھی تھے اور جب انہیں گولی لگی تو اس وقت ان کے تینوں بیٹے ان کے ساتھ ہی موجود تھے۔
ارسلان جٹ نامی صحافی نے ایک ٹویٹ میں معظم گوندل کے بچوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بچے آج اپنے باپ کی میت پر کھڑے تھے اور کہہ رہے تھے اٹھو بابا اٹھو ہم تو عمران خان کو دیکھنے آئے ہیں لیکن سلام اس باپ کو جو بچوں کی بجائے دہشتگرد کی طرف لپکا تاکہ کوئی نقصان نہ ہو اور اپنی جان گنوادی۔‘

ٹوئٹر پر کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ معظم گوندل کو واقعے کے بعد فراموش کردیا گیا ہے۔
عبدالمجید نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’لانگ مارچ میں فائرنگ کے نتیجے میں وفات پانے والے کارکن معظم گوندل کا کوئی نام بھی نہیں لے رہا۔ اس کا گھر کہاں ہے۔ جنازہ کب ہورہا ہے؟ جن کو صرف خراشیں آئی ہیں وہ ہیرو اور متوفی کو اتنا نظرانداز کردیا گیا ہے۔‘

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے معظم گوندل کو ’ہیرو‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’معظم کو کبھی بھولا نہیں جائے گا۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب مبینہ حملہ آور نوید احمد اپنے ہاتھ میں پستول پکڑے بھاگنے کی کوشش کررہا تھا اس وقت معظم بھی انہیں پکڑنے کے لیے بھاگے اور اگلے ہی لمحے زمین پر گرتے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین پی ٹی آئی سے یہ گزارش بھی کر رہے ہیں کہ جماعت کو ان کے بچوں اور ان کے مستقبل کے لیے کام کرنا چاہیے کیونکہ معظم نے ان سب کی جان بچائی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’امید ہے جتنی پھرتیاں پی ٹی آئی کی قیادت اسلام آباد آنے کے لیے دکھا رہی ہے، اتنی پھرتیاں اس کی نماز جنازہ میں شریک ہونے اور اس کی فیملی کی مدد کرنے میں بھی دکھائی جائیں گی۔‘
خیال رہے پی ٹی آئی نے وزیرآباد میں ہونے والے حملے کے خلاف آج جمعے کو دو بجے کے بعد ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

شیئر: